لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے نواحی گاوں سندر سے اغوا ہونے والے دو نوجوانوں کی لاشیں ڈھائی ماہ بعد برآمد کرلی گئیں۔ مغویوں کے دوستوں نے اہلخانہ سے تاوان طلب کیا، انکار پر انہیں قتل کردیا۔
سندر کے علاقے بھائی کوٹ سے ڈھائی ماہ قبل آصف اور صدیق کو اغوا کرلیا گیا۔ سی آئی اے پولیس کی زیر حراست ملزم فلک شیر اور اکرام نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے دونوں دوستوں کو اغوا کے بعد قتل کردیا ہے۔ ان کی نشاندہی پر لاشیں بھائی کوٹ میں واقع کوارٹر سے نکال لی گئیں۔ ملزمان کا موقف ہے کہ مقتول صدیق کے ملزم فلک شیر کی بیوی نزہت کے ساتھ مراسم تھے۔ جس کی رنجش پر انہوں نے دونوں دوستوں کو قتل کردیا۔
سی آئی اے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مقتولین کے ورثاسے پانچ لاکھ روپے تاوان بھی مانگتے رہے۔ دونوں پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ عمر ور ک ایس پی سی آئی اے مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہیں۔ جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزمان کا چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔