لاہور (جیوڈیسک) لاہورمیں دو بچوں کو مارنے والی سنگدل ماں اور باپ کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
جوہر ٹاؤن میں بدھ کی صبح بسمہ نامی خاتون نے شوہرکی موجودگی میں اپنے ہی دو بچوں کو قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے دونوں میاں بیوی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے بچوں کو قتل کرنے کی وجہ غربت بتائی جس کے باعث وہ انکی پرورش نہیں کر سکتے تھے۔ دوسری جانب تفتیش کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کے بیانات میں کئی شکوک وشبہات پائے جاتے ہیں اور دیگر اہم پہلو بھی زیر غور ہیں کہ جس گھر میں وہ رہائش پذیرتھے وہ کس کا ہے وہاں موجود گاڑی کا اصل مالک کون ہے۔
پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ بچوں کے باپ کا کسی لڑکی سے مبینہ طور پر معاشقہ بھی چل رہا تھا جس کی وجہ سے میاں بیوی میں اکثٖر جھگڑا رہتا تھا۔ پولیس ان تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔
ملزموں کو آج ماڈل ٹاؤن کچہری میں جوڈیشیل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ عدالت نے ماں باپ کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا جبکہ دونوں بچوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد میانی صاحب قبرستان میں دفنا دیا گیا۔