لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے باٹاپور میں اینٹوں کے بھٹوں پر چھاپے مار کر 40 کم عمر بچوں کو بازیاب کرالیا ،ایک بھٹہ مالک اور منشی کو گرفتار کر لیا گیا ، بچوں میں کتابیں تقسیم کی گئیں۔
حکومت پنجاب کی جانب سے چائلڈ لیبر کے خاتمہ کی کوششوں کے سلسلے میں سی سی پی او لاہور امین وینس اور ڈی سی او محمد عثمان نے باٹا پور کے علاقے نتھوکی میں تین بھٹوں پر چھاپے مارے اور والدین کے ساتھ کام کرنے والے چالیس بچوں کو بازیاب کرا لیا۔
حکام نے والدین کو ترغیب دی کہ وہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔ اس موقع پر ڈی سی او لاہور نے بچوں میں کتابیں تقسیم کیں۔ پولیس نے بچوں سے جبری مشقت کرانے والے ایک بھٹہ مالک اور منشی کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔