لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے بادامی باغ میں گلے پر ڈور پھرنے سے 27 سالہ نوجوان ہلاک ہو گیا، وزیراعلیٰ نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ، متعلقہ ایس ایچ او کومعطل جبکہ ڈی ایس پی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق کوٹ عبدالمالک کا 27 سالہ حافظ راشد دوست سے ملنے کے بعد موٹر سائیکل پر واپس جارہا تھا، بادامی باغ میں سبزی منڈی پْل پر کٹی پتنگ کی ڈور گلے میں پھر نے سے راشد زخمی ہو گیا،اسے اسپتال لے جایا گیا۔
مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چل بسا، ورثاء نے واقعے کو پولیس کی غفلت قرار دیتے ہوئے اسپتال میں احتجاج کیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ، ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او بادامی باغ کو معطل جبکہ ڈی ایس پی نولکھا کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔