لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے حلقہ این اے 118 میں ووٹروں کے انگوٹھوں کی دوبارہ تصدیق کرنے سے نادرا کو روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
جسٹس سید منصور علی شاہ نے رکن قومی اسمبلی ملک ریاض کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاِ
الیکشن ٹریبونل نے پاکستان تحریک انصاف کے ناکام امیدوار حامد زمان کی درخواست پر حلقہ کے تمام ووٹروں کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کا حکم دیا وہ اپنے حلقہ میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئےَ
ان کے خلاف دھاندلی کا کوئی ثبوت موجود نہیں اور حلقہ میں متنازعہ ووٹوں کا تعین کیے بغیر الیکشن ٹریبونل نے تمام ووٹوں کی تصدیق کا حکم دیا جو غیر قانونی ہے۔درخواست گزار کے مطابق حلقے کے متعلق کیس سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔
لہذا نادرا کو تصدیق کے عمل سے روکا جائے۔ عدالت نے نادرا کو حلقے میں ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرنے پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے فریقین سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔