لاہور (جیوڈیسک) لاہور لبرٹی مارکیٹ کے قریب ایک شاپنگ پلازہ میں قائم ریسٹورنٹ کا بوائلر پھٹنے کے نتیجے میں ریسٹورنٹ اور تین دکانیں تباہ اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آج صبح سویرے لبرٹی مارکیٹ کے قریب واقع 94 شاپنگ پلازہ میں واقع ایک ریسٹورنٹ کا بوائلر پھٹ گیا۔
جس کے نتیجے میں ریسٹورنٹ اور ایک بوتیک تباہ اور دو دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے سے پلازہ میں موجود ایک سیکورٹی گارڈ ندیم بھی زخمی ہو گیا، جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا بارودی دھماکا نہیں تھا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے سے تباہ ہونے والے ریسٹورنٹ کا آج ہی افتتاح ہونا تھا تاہم پولیس مختلف زاویوں سے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔