لاہور میں ہلکی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ہلکی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، مختلف علاقوں میں ہونے والی رم جھم نے رت ہی بدل دی۔ موسم کی اچانک تبدیلی نے لاہوریوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔

لاہور میں اچانک چھا جانے والے بادلوں نے آسمان پر سائبان بنا دیا ۔موسم کا حال بتانے والے پنڈتوں کا کہنا ہے تبدیلی وقتی ہے۔ کل بھی لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد گرمی کا دورانیہ معمول کے مطابق بڑھتا جائے گا۔

آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔