بنگلور (جیوڈیسک) سعد نسیم نے کہا ہے کہ ہر کرکٹر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے اور میں خوش ہوں کہ مجھے یہ موقع دیا گیا ہے۔ میری کوشش ہوگی کہ میں آسٹریلیا کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلوں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔
سعد نسیم کا کہنا ہے کہ چیمپئنز لیگ کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے اور کپتان محمد حفیظ سمیت تمام ہی سینیئر کھلاڑیوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ سعد نسیم باصلاحیت کرکٹر ہیں جو بیٹنگ کے ساتھ ساتھ لیگ سپن بولنگ بھی کرتے ہیں۔ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں واپڈا اور لاہور کی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ سعد نسیم کی صلاحیتوں کے بڑے معترف ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چیمپئنز لیگ کے کوالیفائنگ راونڈ میں انھوں نے دو اچھی اننگز کھیلیں تاہم انگلی زخمی ہونے کے سبب وہ باولنگ نہیں کر سکے۔ سعد نسیم نے کوارٹر فائنل میں ملتان ٹائیگرز کے خلاف تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے تھے اور پھر فائنل میں ان کے ناقابل شکست 43 رنز نے لاہور لائنز کو فیصل آباد کے خلاف میچ کی آخری گیند پر تین وکٹوں کی جیت سے ہمکنار کردیا تھا۔