لاہور (جیوڈیسک) لاہور چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد سلیم کی طرف لاہور میں لوڈشیڈنگ کا دوارنیہ مزید 3 گھنٹے کم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، مگر بعض علاقوں میں اس پرمکمل عمل درآمد نظر نہیں آیا جس کی وجہ سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد سلیم نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ لیسکو کا بجلی کوٹہ بڑھا کر 2 ہزار 445 میگا واٹ کردیاگیا ہے۔
جس کے بعد لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں 3 گھنٹے کی کمی کر دی گئی ہے، اب صبح 6 سے 9 بجے کے دوران صرف ایک گھنٹہ جبکہ شام 6 سے رات 12 بجے کے دوران ہر2 گھنٹے بعد ایک گھنٹہ لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ اعلان کے مطابق رات 12 سے صبح 6 بجے تک ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹہ بجلی جایا کریگی۔
لاہور کے بیشتر علاقوں میں اس شیڈول پر عمل درآمد شروع ہو گیا ، تاہم نشتر کالونی ، کاہنہ، وینس ہاوسنگ اسکیم سمیت کئی علاقوں میں اب بھی ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی بندکی جا رہی ہے جس پر شہریوں نے چیف ایگزیکٹو لیسکو سے نوٹس لیے کا مطالبہ کیا ہے۔