لاہور (جیوڈیسک) خوش خبری ہے کہ لاہور میں بچوں اور بڑوں کی تفریح کیلیے ڈاچی ایکسپریس چلا دی گئی ہے۔ گاڑی کا افتتاح بچوں نے کیا۔ لاہور کے مال روڈ پر لاہوریوں اور دیگر شہروں سے سیر کیلئے آنے والوں کی تفریح کے لیے ڈاچی ایکسپریس کا آغاز کیا گیا۔
ڈاچی ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پر خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈی سی او لاہور نسیم صادق کا کہنا تھا کہ ڈاچی ایکسپریس کا کرایہ پانچ روپے ہوگا اور اس میں بیک وقت 20 افراد بیٹھ سکیں گے۔
ڈاچی ایکسپریس روزانہ رات دس بجے کے بعد جناح ہال سے چیئرنگ کراس کے درمیان چلا کرے گی۔ ڈاچی ایکسپریس کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں بچوں اور خواتین نے ڈھول کی تھاپ پر ڈانس کیا۔ بچوں کی خوشی کا تو کوئی ٹھکانا نہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اونٹ کو ٹی وی اور چڑیا گھر میں دیکھا کرتے تھے، اب وہ اس پر سواری کا لطف بھی اٹھائیں گے۔
بچوں کے والدین بھی ڈاچی ایکسپریس کے آغاز پر خوش تھے۔ ڈاچی ایکسپریس کی افتتاحی تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس کا افتتاح کسی سیاسی یا سرکاری شخصیت نے نہیں بلکہ دو بچوں نے کیا۔