لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں تاوان وصول کرنے کے بعد مغوی نوجوان کو قتل کرنے والے ملزم اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ مناواں میں مبینہ مقابلے میں چار اغوا کار مارے گئے۔
سی آئی اے پولیس گرفتار ملزموں کو اسلحہ کی ریکوری کے لیے مناواں لے کر جا رہی تھی راستے میں ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائر کھول دیئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جوابی فائرنگ کے تبادلے میں چاروں ملزمان بھی مارے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزموں نے کچھ عرصہ پہلے سمن آباد سےامان قمر نامی نوجوان کو اغوا کیا اور اس کی رہائی کیلئے 25 لاکھ روپے تاوان بھی وصول کیا۔
بعد میں ملزموں نے امان قمر کو فیصل آباد لے جا کر قتل کر دیا تھا۔ چاروں ملزمان کی لاشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔