لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں رقم کے لالچ میں بھائیوں نے اپنی 12 سالہ بہن کی شادی 50 سالہ شخص کے ساتھ کر دی، بچی موقع پا کر بھاگ نکلی۔ کوٹ لکھپت کی 12 سالہ یتیم بچی طارفہ اپنے چچا کے ساتھ رہتی تھی۔ اس کے سگے بھائی دھوکے سے اسے لے گئے اور پیسے لے کر زبردستی اسکی شادی اپنے رشتہ دار 50 سالہ بشیر مسیح سے کر دی۔
بچی پانچ ماہ بعد گھر سے بھاگ نکلی اور چچا کے ہمراہ تھانے پہنچ گئی۔ بشیر مسیح کا کہنا ہے کہ بچی کے بھائی اور بھابھیاں اسے اپنے ساتھ نہیں رکھنا چاہتے تھے، اسی لئے شادی کر دی۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تھانہ کوٹ لکھپت سے بچی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے بچی کے بھائیوں کی تلاش شروع کر دی۔