لاہور (جیوڈیسک) رمضان المبارک کی آمد سے پہلے ہی پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھکاریوں نے ڈیرے ڈال دیے، مساجد کے باہراور ٹریفک سگنلز سمیت بھکاریوں کی فوج ظفر موج ہر جگہ بھیک مانگتی نظر آتی ہے۔ رمضان المبارک سے قبل ہی بھکاریوں نے شہر لاہور پر یلغار کردی، صوبے بھر سے بھکاری اہل و عیال کو لیے لاہور پہنچ گئے ،بھکاریوں میں عورتوں، بچوں، بوڑھوں اور معذوروں کی تعداد سب سے زیادہ، رمضان المبارک اور عیدالفطر کمانے کے بعد سب آبائی علاقوں کو لوٹ جائیں گے۔
ان کا بھیک مانگنے کا انداز نرالا ہی نہیں انتہائی جارحانہ بھی ۔شہر کی سڑکوں اور سگنلز پر کھڑے یہ بھکاری جہاں راہگیروں یا موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں پر سوار شہریوں سے بھیک لیے بغیرنہیں ٹلتے وہیں ضلعی حکومت کے دعووں کا بھی منہ چڑاتے نظر آتے ہیں۔ سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان بھکاریوں پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ انہیں کارآمد شہری بنانے کیلیے بھی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔