لاہور(جیوڈیسک)لاہور میں تحریک انصاف کے حامیوں کا قومی اسمبلی کے حلقے ایک سو پچیس میں ہونیوالی دھاندلی کیخلاف چھٹے روز بھی دھرنا جاری ہے،دھرنے کے شرکا کا مطالبہ ہے کہ حلقے میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔لاہور کے علاقے ڈیفنس میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے دھرنا دے رکھا ہے۔
دھرنے کے شرکا این اے 125 میں تحریک انصاف کے امیدوار حامدخان کے مقابلہ میں مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کو کامیاب قرار دینے پر سراپا احتجاج ہیں۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ مطالبات تسلیم کئے جانے تک گھروں کو نہیں جائیں گے،تیز آندھی اور بارش بھی ان کے عزم کو متزلزل نہ کر سکی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر بیٹھے ہوئے ہیں اور جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے ، ان کا دھرنا جاری رہے گا۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر این اے 125 میں دوبارہ انتخابات نہ کرائے گئے تو وہ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔