لاہور (جیوڈیسک) مزنگ کے علاقے فین روڈ کے رہائشی دو دوست جمعہ کی دوپہر روٹیاں لینے کے لیے گھر سے نکلے اور واپس نہ آئے اہل خانہ نے بچوں کو علاقے میں ہر طرف ڈھونڈا لیکن بچے نہ مل سکے۔
جس کے بعد تھانہ سول لائنز میں اغواء کا مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ ہفتے کی دوپہر دونوں بچوں معاویہ اور تنویر کی لاشیں گھر کے قریب بہتے نالے پر ابھر آئیں۔ بچوں کی موت کی اطلاع پر علاقے میں کہرام برپا ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں بچے کھیلتے ہوئے گندے نالے میں گرے لیکن گھر والوں کی تسلی اور بہتر تحقیقات کو مدنظر رکھتے ہوئے پوسٹ مارٹم کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اہل علاقہ نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ بچوں کو علاقے میں موجود منشیات کے عادی افراد نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا ہے جس بارے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ حتمی ثابت ہو گی۔