لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کی جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی، مالک کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ملک بھر میں جعلی ادویات کا دھندہ خطرناک صورت اختیار کرچکا ہے لیکن اِسے روکنے کی کوئی سبیل بھی کارگر ثابت نہیں ہو رہی ۔ لاہور میں ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کی ایک ٹیم نے گرین ٹائون کے علاقے میں ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا تو وہاں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کی جعلی ادویات تیار کی جا رہی تھیں جنہیں ٹیم نے قبضے میں لے لیا۔
چھاپے کے دوران ایسی جعلی ادویات بھی قبضے میں لی گئیں جو انسانی جان بچانے کے کام آتی ہیں ۔ چھاپہ مار ٹیم کے مطابق فیکٹری میں جعلی ادویات بنانے کا دھندہ کافی عرصے سے جاری تھا جس کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی گئی اور نہ صرف بڑی مقدار میں جعلی ادویات کو قبضے میں لے لیا گیا بلکہ فیکٹری کے مالک کو گرفتار کرکے اُس کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے اور اِس حوالے سے کارروائی مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی۔
آئے روز پکڑی جانی والی ایسی فیکٹریاں اِس بات کا تقاضا بھی کرتی ہیں کہ متعلقہ اداروں کو اِس حوالے سے اپنی کارروائیوں میں مزید تیزی لانی چاہیئے تاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کیفر کردار تک پہنچ سکیں۔