لاہور سمیت مختلف شہروں میں قتل کے تین مجرموں کو پھانسی دے دی گئی

Execution

Execution

لاہور / فیصل آباد (جیوڈیسک) لاہور سمیت مختلف شہروں میں قتل کے تین مجرموں کو پھانسی دے دی گئی ، فیصل آباد میں صلح نامہ پیش کرنے پر ایک مجرم کی پھانسی پر عملدرآمد آخری لمحے روک دیا گیا۔

بے گناہ انسانوں سے زندگی چھیننے والے تین مجرم انجام کو پہنچ گئے ، لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے مجرم عرفان عرف راشد کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم نے معمولی تنازع پر دو افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ سنٹرل جیل ساہیوال میں وزیر نامی مجرم کو پھانسی دے دی گئی۔

مجرم نے 1991 میں راجن پور میں ایک شخص کو قتل کر دیا تھا۔ ملتان کی سنٹرل جیل میں تین افراد کے قتل کے جرم میں عبدالغفار کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم نے 1999 میں مظفر گڑھ میں گھریلو تنازعے پر بیوی سمیت تین افراد کی جان لی تھی۔ پھانسی پانے والے مجرموں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ دوسری طرف فیصل آباد جیل میں ورثا کی جانب سے صلح نامہ پیش کرنے پر سلیم نامی قیدی کی پھانسی پر عملدرآمد آخری لمحے روک دیا گیا۔