لاہور (جیوڈیسک) سوئی گیس لاہور ریجن کی رپورٹ پر مسلم لیگ ن کے رہنما قیصر امین بٹ کے خلاف گیس چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا ،جبکہ قیصر امین بٹ کا کہنا ہے کہ فیکٹری کرایے پر دے رکھی ہے ،گیس چوری سے ان کا کوئی تعلق نہیں ۔سوئی گیس لاہور ریجن اور مقامی انتظامیہ نے راوی روڈ پر ڈائنگ فیکٹری میں چھاپہ مار کر بڑے پیمانے پر گیس چوری پکڑی تھی۔
گیس حکام کے مطابق فیکٹری مالک قیصرامین بٹ پہلے سے نو کروڑ روپے کے نادہندہ تھے اور عدالت سے حکم امتناعی لے رکھا تھا ، ڈی سی او کی موجودگی میں فیکٹری کو سیل کرنے کے بعد ایف آئی آر کیلیے درخواست دی گئی تھی، قیصر امین بٹ کا کہنا ہے کہ وہ نو سال قبل فیکٹری کرائے پر دے چکے ہیں، اس سے ان کا کوئی تعلق نہیں،جی ایم ریاض کھوکھر کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں لکڑی اور ڈیزل استعمال ہو رہا تھا ، ان سے زیادتی ہوئی، عدالت سے رجوع کرینگے۔