لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی وطن پہنچے ہیں، جن میں سعید اجمل، ناصر جمشید، اسد علی، ذوالفقار بابر، جنید خان و دیگر شامل ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز 3-1 سے جیتی جبکہ ٹی 20 سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔
ایئر پورٹ پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ ٹیم کی جیت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کی ٹیم کو جیت کی ضرورت تھی اور لڑکوں نے بہت اچھا پرفارم کیا۔ سعید اجمل نے کہا کہ میں اپنی فارمنس سے مطمئن ہوں۔ ویسٹ انڈیز کو ہوم گراونڈ پر ہرانا آسان نہیں تھا۔
ٹیم میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی رہی۔ ذوالفقار بابر نے کہا کہ زمبابوے کی سیریز میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ منیجر قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ سیریز بہت اچھی رہی، لڑکوں کا ڈسپلن مثالی رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیریز میں شاہد آفریدی نے اچھا پرفارم کیا تاہم جیت کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے۔