لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ لاہور میں بھی شائقین کی توجہ نہ حاصل کر پایا،اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے تماشائی بھی مناسب رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے داخلے کیلیے پریشان ہوتے رہے،کورونا سرٹیفکیٹ نہ ہونے کے سبب کئی افراد کو انٹری کی اجازت نہ ملی،ٹیموں کے روٹس اور وینیو کے گرد سخت سیکیورٹی حصار قائم رہا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹار کرکٹرز کی مختلف ٹیموں میں شمولیت کے باوجود نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا راولپنڈی میں ہونے والا پہلا مرحلہ شائقین کی توجہ سے محروم رہا،امید کی جا رہی تھی کہ لاہور میں میچز دیکھنے کیلیے تماشائیوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہوگی مگر اسٹینڈز میں چند سو افراد ہی نظر آئے،یہ لوگ بھی مناسب رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے انٹری کیلیے پریشان ہوتے رہے۔
وینیو کی طرف جانے والے راستوں میں سے صرف ایک کھلا رکھا گیا جہاں شٹل بس سروس بھی میسر تھی، دیگر اطراف سے اسٹیڈیم کی طرف جانے والے تمام راستے بند تھے،ان پر پہنچنے کے بعد شائقین کو بتایا جاتا کہ لبرٹی چوک کی جانب سے آئیں، کورونا سرٹیفکیٹ نہ ہونے کے سبب کئی افراد کو داخلے کی اجازت نہیں ملی،چند ایک کو ویکسین کی صرف ایک ڈوز لگی ہونے کی وجہ سے بھی مایوس واپس جانا پڑا، بغیر ٹکٹ دائیں، بائیں گھومنے والوں کی بھی دال نہیں گل سکی۔
ٹیموں کے روٹس اور وینیو کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم رہا، راستے میں کوئی گاڑی، موٹرسائیکل کھڑی نہیں ہونے دی گئی، 21 ایس ڈی پی اوز، 53 ایس ایچ اوز، 22 ڈولفن ٹیمیں اور 20 پیرو ٹیمیں گشت پر معمور رہیں، ایلیٹ فورس کی 23 گاڑیاں اور اسنائپرز بھی تعینات تھے، ایک ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز نے فرائض سرانجام دیے، سرچ اینڈ سویپ آپریشن اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔