لاہور: ضلعی انتظامیہ کی غفلت نے 2 معصوم بچوں کی جان لے لی

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ضلعی انتظامیہ کی غفلت نے 2 معصوم بچوں کی جان لے لی۔ ڈھائی سالہ زین اور چھ سال کی مناہل کھلے مین ہول میں گر کر زندگی کی بازی ہار گئے۔ گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ فرخ آباد شاہدرہ کا ڈھائی سالہ زین ننھے قدموں چلتا گھر سے نکلا، گلی میں کھیلنے کودنے لگا۔

ننھے ذہن کو شائد کھلے مین ہول کا ادراک نہ ہوا توازن بگڑا اور اندر گر گیا۔اہل علاقہ اکٹھے ہو گئے، اپنی مدد آپ کے تحت معصوم کو باہر نکالا لیکن بہت دیر ہو چکی تھی زین میں زندگی کی رمق باقی نہ تھی۔ دوسری جانب فضل پارک ، شاہدرہ کی رہنے والی 6 سالہ مناہل اتوار کی شام قریبی پارک میں کھیلنے گئی۔ واپس لوٹ رہی تھی کہ اچانک کھلے مین ہول میں گر گئی، گھر والوں نے بہت تلاش کیا بالآخر مناہل مل گئی، لیکن مین ہول اس کی زندگی نگل چکا تھا۔پولیس نے دونوں حادثوں کو اتفاقیہ قرار دیا، ادھر ٹی ایم او ،راوی ٹاوٴن احمد کمال نے یہ کہہ کر جان چھڑا لی کہ منشیات کے عادی افراد مین ہولز کے ڈھکن چرا لیتے ہیں۔ اسی لئے ایسے افسوسناک واقعات پیش آتے ہیں۔