لاھور کی خبریں 05.08.2013

لاہور 15 سالہ کار ڈرائیور کی موٹر سائیکل کو ٹکر، باپ بیٹی شدید زخمی
لاہور(پی پی سی ) لاہور میں کینال روڈ پر15سالہ کار ڈرائیور کی موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو ٹکر ،دونوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، کارڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔کریم پارک کا رہائشی 15سالہ اویس والدہ اور دادی کے ہمراہ کار پر وفاقی کالونی کے قریب جا رہا تھا،تیزرفتاری کے باعث کار بے قابو ہو کرموٹر سائیکل سے جا ٹکرائی،حادثے کے بعد کار گرین بیلٹ میں جاگری،موٹر سائیکل سوار27سالہ نامعلوم شخص اور اس کی 4سالہ بیٹی کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔جہاں وہ بیہوشی کی حالت میں ہیں،عینی شاہدین کاکہناہے کہ کار ڈرائیور موج مستی کر رہا تھا۔پولیس نو عمر ڈرائیور کو تھانا جوہر ٹاو?ن لے آئی، تاہم ابھی مقدمہ درج نہیں کیا۔ سہمے ہوئے اویس نے بتایا کہ فالج کے مرض میں مبتلااس کا والد قریبی اسپتال میں زیرِعلاج ہے۔وہ ذہنی طور پر پریشان تھا۔ نو عمر ڈرائیورز اپنی جان کو تو خطرے میں ڈالتے ہی ہیں، دوسروں کیلئے بھی خطرہ بنے رہتے ہیں،عینی شاہدین نے ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پٹرولیم مصنوعات،بجلی ،گیس مہنگی،پیداواری لاگت بڑھے گی،براہ راست عوام متاثر ہوگی، ایک وفد سے گفتگو
لاہور(پی پی سی)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل نے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے بیان پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بعد صنعتی مقاصد کیلئے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان انڈسٹریز تباہ کرنے کے مترادف ہے گیس پاکستان کے قدرتی وسائل سے حاصل ہورہی ہے اس لیے اس کا مہنگا کرنے کا کوئی جواز نہ ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے صنعتی اداروں سے 360ارب کا ریونیو اکٹھا کرنے کیلئے انڈسٹریل اور کمرشل بجلی کے نرخوں میں 99 فیصد اضافہ کا فیصلہ کیا ہے پٹرولیم مصنوعات ، بجلی، گیس مہنگی کرنے سے انڈسٹریز کی پیداواری لاگت بڑھے گی جس کا اثر عوام پر پڑے گا اور روزمرہ کی اشیائے مہنگے داموں فراہم ہونے سے براہ راست عوام متاثر ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نصر اللہ مغل نے کہا کہ حکومت ریونیو کے حصول کیلئے انڈسٹریز تباہ کر رہی ہے انڈسٹریل اور کمرشل بجلی نرخوں میں اضافہ سے صنعتی ترقی کا پہیہ رک جائے گا۔سستی بجلی اور گیس کی فراہمی سے ہی انڈسٹری اپنے پائوں پر کھڑی ہوسکتی ہے، مہنگی بجلی اور گیس کے فراہی سے انڈسٹریز بند ہوئیں تو اس کا اثر لازمی طورپر حکومت کے ٹیکس ریونیو پر پڑے گا ،حکومت کو فائدہ کی بجائے الٹا نقصان ہوگا اس لیے حکومت فی الفور بجلی اور گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ واپس لے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عید کے ایام میں دہشت گردی کی آڑ میں موبائل سروس و بند نہ کیا جائے جوائینٹ سیکرٹری مسلم لیگ لاہور
لاہور(پی پی سی) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و لاہورکے جوائنٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ عید کے ایام میں دہشت گردی کی اطلاعات سے عوام خوفزدہ ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب خود ہی تصدیق کر رہا ہے کہ 27ویں یا عید کے ایام میں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت وقت پر ہے اس لیے حکومت ڈرانے کی بجائے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے ۔میاں کامران سیف نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں مگر دہشت گردی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت لاء اینڈ آرڈر کی بہتری اور دہشت گردی کی روک تھام کے لیے کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سابق ادوار کی طرح امسال عید کے ایام میں دہشت گردی کی آڑ میں موبائل سروس بند نہ کی جائے کیونکہ عیدکے ایام میں موبائل سروے اپنے پیاروںسے رابطہ کا واحد ذریعہ ہے حکومت عیدایام میں موبائل سروس بلاروک و ٹوک جار ی رکھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری محمد سرور سے حلف لیا، وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت غیرملکی مہمانوں کی شرکت
لاہور (پی پی سی) چوہدری محمد سرور نے پنجاب کے گورنر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، چوہدری محمد سرور پنجاب کے 35ویں آئینی سربراہ بن گئے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی تقریب حلف برداری گورنر ہائوس لاہور میں ہوئی ۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمر عطا بندیال نے نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف ،سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال،صوبائی وزرا،آئی جی پنجاب خان بیگ اور غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گورنر پنجاب چوہدری محمدسرورکے مختصر حالات زندگی
لاہور (پی پی سی) پنجاب کے نئے گورنر چوہدری محمد سرور 1976میں برطانیہ منتقل ہوئے، میری ہلز کے علاقے میں ایک دکان سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا۔ان کی رہائش گلاسگو میں ایک چھوٹے سے فلیٹ میں تھی۔بعد میں انہوں نے ہول سیل سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا اور چند ہی سال میں ایک بڑی ایمپائر میں تبدیل کر دیا۔مالی طور پر مستحکم ہونے کے بعدانہوں نے سیاست میں حصہ لینا شروع کر دیا اور 1992میں لیبر پارٹی کے ایک پلیٹ فارم سے کونسلر بنے۔1997 میں برطانیہ میں پہلے پاکستانی نژاد اور مسلم ممبر پارلیمنٹ بن کر تاریخ رقم کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور، شادباغ میں درندہ صفت شخص کی 11 سالہ معذور بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی
لاہور (پی پی سی) لاہور کے علاقے شادباغ میں درندہ صفت شخص نے 11 سال کی معذور بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، بچی کواسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق شاد باغ کا رہائشی ریاض اوراس کی بیوی محنت مزدوری کرنے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔اس دوران نامعلوم شخص دیوار پھلانگ کران کے گھر میں گھس گیا اور 11 برس کی معذور لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا،بچی کے والدین جب مزدوری کے بعد گھر پہنچے تو لڑکی کی حالت غیر تھی جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامعلوم شخص کی تلاش شروع کر دی ہے۔