لاہور کی خبریں 06.08.2013
Posted on August 6, 2013 By Geo Urdu لاہور
کمرشل صارفین پر پڑنے والا بوجھ بھی عام آدمی اٹھائے گا اضافہ واپس لیا جائے
لاہور (پی پی سی) پاکستان مسلم لیگ نے سینٹ اور پنجاب اسمبلی میں بجلی کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کے خلاف سینٹ اور پنجاب اسمبلی میں قراردادیں جمع کرواتے ہوئے حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ،سینٹ میں سینیٹر کامل علی آغا اور پنجاب اسمبلی میں ق لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین کی طرف سے قرارداد جمع ہوئی سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ سفید پوش بچوں کے لیے نئے کپڑے نہ خرید سکنے پر غم زدہ ہیں اور خود کشیاں ہو رہی ہیں اس دوران حکومت نے بجلی بم گرا کر ہر طبقہ کے افراد کی کمر توڑ دی ہے ، انہوں نے کہا کہ کمرشل صارفین پر پڑنے والا بوجھ بھی بلآخر عام آدمی اٹھائے گا ، انہوں نے کہا کہ عوام کے درد میں آہیں بھرنے والی ن لیگ اقتدار کے ایوانوں میں داخل ہوکر دیکھنے ، سننے اور سمجھنے کی صلاحیت کھو بیٹھی ہے ، دریں اثناء ق لیگ پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے پھول نگر میں مزاحمت پر ڈاکوئوں کے ہاتھوں قتل ہونے والی لڑکی کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس جمع کروایا، عامر سلطان چیمہ ، ڈاکٹر محمد افضل اور سردار آصف نکئی نے جوزف کالونی متاثرین کو پنجاب حکومت کی طرف سے ملنے والے چیک ڈس آنرہونے اور متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے نہ کیے جانے پر پنجا ب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موجودہ حکومت بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کا تسلسل ہے جو مسلسل عوام کا استحصال کر رہی ہے، رکن پنجاب اسمبلی کابیان
لاہور(پی پی سی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا کہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں’ جی ایس ٹی کی شرح بڑھانے اور بجلی و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پے در پے اضافوں اضافوں نے غریب عوام کی خوشیاں چھین لی ہیں۔ پورے رمضان المبارک میں مہنگائی کی شرح ہر روز بڑھتی رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کو توقع کی تھی کہ حکومت بدلنے سے حالات بدلیں گے’ لیکن گزشتہ تین ماہ میں حالات بد سے بدتر ہوئے ہیں اور مہنگائی’ بدامنی’ دہشت گردی اور بیروزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے موجودہ حکومت بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کا تسلسل ہے جو مسلسل عوام کا استحصال کر رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے،ثمینہ خالد گھرکی
لاہور: پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اس وقت ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے ملک کے مسائل تنہا کوئی بھی جماعت حل نہیں کرسکتی، سب کو مل کر کام کرنا ہوگا بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت نے عوام کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔ حالیہ سیلاب پر وفاقی حکومت سو رہی ہے، اسے صوبوں کی مدد کرنی چاہئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی خبروں پر ہمیں تشویش ہے۔ پیپلز پارٹی کے دور میں بجلی کے نرخوں میں اضافہ ہوتا تھا تو چودھری نثار حکومت پر خوب تنقید کرتے تھے، پارلیمنٹ کے کہنے پر ہم نرخوں میں کمی بھی کر دیتے تھے، اب جبکہ ان کی اپنی حکومت ہے تو بتائیں کہ وہ بجلی کے نرخوں میں خاموش کیوں ہیں۔ ہم اس مجرمانہ اضافے کے بعد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پولٹری انڈسٹری تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے، رانا عبدالستار
لاہور(پی پی سی) پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عبدالستار نے کہا ہے کہ پولٹری انڈسٹری متعلقہ محکموں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے لیکن اس کو بچانے کے لئے توجہ نہیں دی جا رہی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فارمرز ایسوسی ایشن اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے لیکن کسی بھی محکمہ کی طرف سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جا رہے جو مستقبل قریب میں بڑے بحران کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری فارمرز اس شعبہ سے نقصان اٹھا کر کنارہ کشی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے طلب اور رسد میں فرق آ گیا ہے، پروڈکشن میں کمی وجہ سے ناقص اور مہنگی مرغی بازار میں فروخت ہو رہی ہے عوام سستے اور معیاری گوشت سے محروم ہو رہی ہے۔