لاہور کی خبریں 15.08.2013

شہباز شریف سے گھرکی خاندان کے سربراہ حاجی محمد یوسف گھرکی کی ملاقات، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان
لاہور (پی پی سی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں گھرکی خاندان کے سربراہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما حاجی محمد یوسف گھرکی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران حاجی محمد یوسف گھرکی نے پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ حاجی محمد یوسف گھرکی پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وزیر فاروق یوسف گھرکی کے والد ہیں ۔اس موقع پر وزیر اعلی نے یوسف گھرکی کو مسلم لیگ(ن)میں شمولیت پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ ہم مل جل کر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے ۔گزشتہ پانچ برس کے دوران صوبہ پنجاب میں ترقی و خوشحالی کے سفر کی بنیاد رکھی گئی، صوبے میں میرٹ، شفافیت اور معیار کو فروغ دے کر نئی مثال قائم کی۔ یہی وجہ ہے کہ عام انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت آئندہ پانچ برس کے دوران عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔تاریخ ساز مینڈیٹ کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر ملک و قوم کی خدمت میں جت جائیں۔ انہوںنے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوںاورتمام متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد یوسف گھرکی نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے بے مثال ترقی کی ہے اور مسلم لیگ (ن ) کوعوام کی بے لوث خدمت کاتاریخی صلہ عام انتخابات میں شاندار کامیابی کی صورت میں ملا ہے۔ اس موقع پر ایم این اے پرویز ملک ،خواجہ احمد حسان، سابق رکن اسمبلی رانا مبشراقبال اور طلحہ برکی بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عالمی برادری معصوم انسانوں کے قتل عام کا نوٹس لے، ڈاکٹر وسیم اختر
لاہور(پی پی سی)ممبر صوبائی اسمبلی وپارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مرسی کے حامیوں کا دھرنا ختم کرانے کیلئے مصری فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کے نتیجے میں اخوان المسلمون کے2200 کا رکنوں کی شہادت پر شدید غم و غصہ کا اظہارکرتے ہوئے اسے بزدلانہ کاروائی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ فوج نے پر امن مظاہروں پر فائرنگ سے نہتے بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مصری افواج امریکہ اور یورپ کی پشت پناہی سے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔عالمی دنیا اور یواین او منتخب حکومت کی دوبارہ بحالی کے لئے اپنا کردار اداکریں۔ امریکہ کا جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے پر مصری فوج کی مذمت نہ کرنا افسوسناک اور شرمناک طرزعمل ہے۔اس سے امریکہ و یورپی ممالک کا بدترین اور مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ امریکہ کو لبنان،فلسطین،ترکی و مصرسمیت اسلامی ممالک میں کہیں بھی اسلام پسند جماعتوں کی کامیابی ہضم نہیں ہوتی۔امریکی و یورپی ممالک کا یہ طرز عمل منافقانہ ہے اور ان کی عالم اسلام کے خلاف نفرت وکدورت کی عکاسی کرتا ہے۔ انسانیت کے علمبردار اور جمہوریت کاواویلا کرنے والے ممالک خاموش تماشائی بن چکے ہیں۔امریکہ و یورپی ممالک کو وسائل سے مالامال مسلم دنیا میں کٹھ پتلی حکمران چاہئیں جو اپنا پیسہ ان کے بنکوں میں رکھیں اور اشاروں پرمن و عن عملدرآمد کریں۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عرب بہار کو عرب خزاں میں تبدیل کیاجارہا ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اخترنے امید ظاہرکی کہ مصری عوام امریکی ایماء پر مصر میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور انشاء اللہ بہت جلد اخوان المسلمون وہاں دوبارہ قیادت سنبھالے گی اور مصری فوج اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزادی کے دنوں میں بھارت کا جنگی جنون اور الزام تراشی پر مبنی رویہ قابل مذمت ہے ،ثمینہ خالد گھرکی اور عابد حسین صدیقی کا بیان
لاہور ( پی پی سی ) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت خارجہ پالیسی کو قوم مفاد اور زمینی حقائق کے مطابق تشکیل دے ،آزادی کے دنوں میں بھارت کا جنگی جنون اور الزام تراشی پر مبنی رویہ قابل مذمت ہے۔ جمعرات کو اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ہے، حکومت پاکستان بھارت سے یکطرفہ دوستی کے رویہ سے باز رہے ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد تقرر و تبادلے کے خلاف الیکشن کمیشن نوٹس لے اور حکومت پنجاب کو اختیارات سے تجاوز کر نے سے روکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کی گولڈمیڈل حاصل کرنے پر اپنے عہدیداروں کو مبارکباد
لاہور ( پی پی سی ) غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ نے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران ڈاکٹر اشتیاق احمد گوندل اور سید وقاص جعفری اور میڈیا آفیسر محمد نورالھدیٰ کو تحریک استحکام پاکستان کونسل کی جانب سے ان کی تعلیمی اور سماجی خدمات اور اعلیٰ صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے اعتراف میں گولڈمیڈل ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے ۔ تینوں افراد کو ان کی تعلیم و تربیت اور سماجی شعبوں میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے پر بالترتیب قائداعظم گولڈمیڈل، ہلال پاکستان ایوارڈ اور نیشنل نوبل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر محمود اور دیگر سٹاف ممبران نے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ لوگ آئندہ بھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہیں گے اور اپنے تجربات اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں اور ایک مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کے ضامن بنیں گے۔