لاہور کی خبریں 17.08.2013

طلبا وطالبات کو ان کے ڈگری سے متعلقہ شعبوں میں ٹریننگ دی جائیگی تاکہ ہنرمند افرادی قوت پیدا کی جاسکے’ صوبائی وزیر
لاہور ( پی پی سی) حکومت پنجاب گریجویٹ نوجوانوں کو پبلک فار پرائیویٹ سیکٹر میں انٹرشپ کے مواقع فراہم کرے گی’ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی ممکن ہوسکے۔یہ بات صوبائی وزیر تجارت و صنعت چوہدری محمد شفیق نے پنجاب یوتھ انٹرشپ پروگرام کے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت زیر تعلیم طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ گریجویٹس اور ڈپلومہ ہولڈرز کو بھی انٹرشپ کے مواقعے فراہم کیے جائیںگے۔ جو ڈگری حاصل کرنے کے دو سال بعد بھی بے روزگار ہیں۔چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ پنجاب یوتھ انٹر شپ پروگرام کے آئندہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ انٹرشپ پروگرام کا دورانیہ تین ماہ رکھا جائے یا تین ماہ سے بڑھا کر 6ماہ کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا وطالبات کو ان کے ڈگری سے متعلقہ شعبوں میں ٹریننگ دی جائے گی تاکہ ہنرمند افرادی قوت پیدا کی جاسکے۔ ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے ملک کے تعلیم یافتہ نوجوانوں میں ٹیلنڈ کی کمی نہیںصرف ٹریننگ اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ حکومت پنجاب نے انہیںیہ پلیٹ فارم مہیا کردیا ہے جہاں وہ اپنا تعلیمی شعبہ سے متعلقہ اداروں میں ٹریننگ حاصل کر کے باعزت روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکو مت کو چاہیے زمرد خان کو ستارہ جرات کا ایوارڈ دیا جا ئے ،نااہلی دکھانیوالوں کیخلاف کاروائی کی جائی’ صدر پیپلز پارٹی لاہور
لاہور ( پی پی سی) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اعزاز حاصل ہے کہ جس نے زمرد خان جیسے سپوت قوم کو دیئے ہیں۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک مسلح شخص سکندر نے5گھنٹوں تک پورے شہر کو یر غمال بنائے رکھا مگر وفاقی وزیر داخلہ ‘سیکر ٹری داخلہ ‘آئی جی اسلام آباد سمیت کوئی بھی وہاں نظر نہیں آیا۔ ملک میں حکو مت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، دہشت گردوں نے پورے ملک کو یر غمال بنا رکھا ہے۔ زمرد خان کے نام کے ساتھ پیپلزپارٹی لگتا ہے جسکی وجہ سے مسلم لیگ (ن) والوں کو تکلیف ہو رہی ہے زمرد خان کی جرات کو حماقت کہنے والے مشکل وقت میں پرویز مشرف سے10سالہ معاہدہ کر کے ملک سے بھاگ جانیوالے شر یف برادران کے اقدام کو ہی جرات سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمرد خان نے جس جرات کا مظاہرہ کیا ہے پوری قوم ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور حکو مت کو چاہیے کہ انکو ستارہ جرات کا ایوارڈ دیا جا ئے اور نااہلی دکھانیوالوں کے خلاف کاروائی کی جائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
زمرد خان نے قائد عوام ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو کی جرات مندی ،بہادری کی یادیں تازہ کردیں’ قاضی احمد سعید
لاہور ( پی پی سی) پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے زمرد خان جیسے غیرت مند اور جیالے بیٹے قوم کو دیئے ہیں’ زمرد خان نے قائد عوام ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو کی جرات مندی اور بہادری کی یادیں تازہ کردیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک شخص کی وجہ سے پوری پاکستانی قوم ذہنی اذیت میں مبتلا رہی، اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے تمام بااختیار وزیر اپنے سرکاری محلات میں بیٹھ کر قوم کی بے بسی کا تماشہ دیکھ رہے تھے ،وفاقی وزیر داخلہ ‘سیکر ٹری داخلہ ‘آئی جی اسلام آباد سمیت کوئی بھی وہاں نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ زمرد خان نے جس ہمت اور بہادری سے مسلح شخص کو قابو کیا حکومت کو آگے بڑھ کرزمردخان کی پذیرائی کرنی چاہئے تھی لیکن کچھ لوگ اس واقعہ کو ہضم نہیں کر پا رہے اور باتیں بنارہے ہیں۔