لاہور کی خبریں 28.08.2013

لاہور ،تاجروں سے بذریعہ ٹیلی فون جگا ٹیکس و بھتہ خوری لینے والے گروہ کا سرغنہ ساتھیوں سمیت گرفتار
لاہور(پی پی سی)سٹی پولیس نے لاہور میںتاجروں سے بذریعہ ٹیلی فون جگا ٹیکس و بھتہ خوری لینے والے گروہ کے سرغنہ محمد وقاص عرف منسٹرکو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے، ملزمان ٹیلی فون کر کے تاجروں سے جگا ٹیکس طلب کرتے اور نہ دینے کی صورت میں فائرنگ کر کے تاجروں کو زخمی کرتے تھے۔ملزمان سے ناجائز آتشیں اسلحہ برآمد۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں بھتہ خوری کے اکا دکا واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہو چوہدری شفیق احمد نے ڈی آئی جی آپریشنز محمد طاہر رائے اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذوالفقار حمید کو بھتہ خوروں کو گرفتار کرنے کے لئے خصوصی ہدایات دیں۔ جس پر انوسٹی گیشن، سی آئی اے اور آپریشنز ونگ کی پولیس ٹیمیں دن رات مصروف عمل ہیں۔ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذوالفقار حمید کی ہدایت پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے ایس پی سی آئی محمد عمر ورک کی سربراہی میں ڈی ایس پی سی آئی ا ے سٹی خالد ابو بکر اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے بذریعہ ٹیلی فون جگا ٹیکس مانگنے والے منسٹربھتہ خور گینگ کے سرغنہ وقاص عرف منسٹر اور اس کے دو ساتھیوں محسن عرف چھانگا اور عبدالرحمن عرف ہیرا کو گرفتار کر کے ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے ملزمان ماہ فروری اور جون 2013 میں بھتہ نہ دینے پر شہری سلیمان اور اقبال بک ڈپوشادباغ کے چوکیدار کو زخمی کر چکے ہیں۔ ملزمان کے خلاف تھانہ شادباغ میں4 مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذوالفقار حمیدنے بھتہ خوروں کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اچھرہ کے معروف تاجر کیخلاف چوری کا مقدمہ درج ہونے پر مدعی کو سنگین نتائج کی دھمکیاںملنے لگیں
لاہور(پی پی سی)اچھرہ کے معروف تاجر کیخلاف چوری کا مقدمہ درج ہونے پر مدعی کو سنگین نتائج کی دھمکیاںملنے لگیں ،ذرائع کے مطابق اچھرہ کے معروف تاجر محبوب علی سر کی کیخلاف چوری کامقدمہ درج ہونے پر مختلف گروپوں کی مدعی منظور احمد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں ملنے لگیں۔ با اثر تاجر کے مختلف جرائم پیشہ افراد کے مدعی کو دھمکی آمیزفون کالز آتی ہیں۔مدعی کے اہل وعیال کو اغواء کرنے کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ مذکورہ تاجر محبوب علی سر کی کے خلاف مدعی منظور احمد نے ایس ایچ او اچھرہ کو درخواست دی ہے لیکن ابھی تک مقدمہ درج نہ ہو سکا۔مدعی نے اعلیٰ پولیس افسران سے تحفظ دینے کی اپیل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز مندی
لاہور(پی پی سی) لاہور سٹاک ایکسچینج میںبدھ کے روزمندی کا رجحان رہا- مجموعی طور پر86کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔3 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ۔48 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 35 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 115.46 پوائینٹس کی کمی کے ساتھ 4384.19 پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل 53 لاکھ 13 ہزار 900 حصص کا کاروبار ہوا۔ جبکہ گزشتہ روز 38 لاکھ 50 ہزار 300 حصص کا لین دین ہوا تھا ۔ مارکیٹ میں جن کمپنیوں کے سودے سرفہرست رہے ا ن میں بنک آف پنجاب لمیٹڈ کے 14 لاکھ79 ہزار500حصص۔ این آئی بی بنک لمیٹڈ کے 10 لاکھ 79 ہزار 500حصص۔ جبکہ فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے 5لا کھ29ہزار حِصص فروخت ہوئے۔ آج سب سے زیاد ہ اضافہ نیشنل بنک لمیٹڈکے حصص میں ہوا جس کی قیمت0.37 روپے بڑھ گئی ۔ سب سے زیادہ کمی پاکستان سٹیٹ آئیل کمپنی لمیٹڈکے حصص میں ہوئی جس کی قیمت14.90 روپے کم ہو گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت سیلاب میں ہونے والے نقصانات کا سروے کروائے،سید بلال شیرازی
متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ
لاہور (پی پی سی)پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدرسید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب میں ہونے والے نقصانات کا سروے کروائے اورسیلاب متاثرین کی امداد کیلئے فوری طور پر خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، متاثرہ کاشتکاروں کے ذمہ سرکاری واجبات معاف کیئے جائیں اور پھر سے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے ان کی مالی مدد کی جائے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں سیالکوٹ سے آئے ہوئے یوتھ ونگے کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید بلا ل مصطفی شیرازی نے نہر مرالہ راوی لنک کو 30 مقامات پر غلط طور پر توڑنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہر مرالہ راوی لنک کو سیاسی بنیادوں پر توڑا گیا جس کے نتیجے میں ڈسکہ سیالکوٹ کی ہزاروںایکڑ زرعی اراضی سیلاب کی زد میں آگئی اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ۔اس کی تحقیقات کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے نیز نہر کو جن مقامات سے توڑا گیا انہیں فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ سیلابی پانی مزیدعلاقے متاثر نہ کرسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انصاف کاخون کرنیوالی ”تحریک انصاف” اپنانام بدلے۔عمران نذیر
میڈیا کے نمائندوں پر تشددمیں ملوث شر پسند عناصر کو پولیس کے حوالے کیا جائے
لاہور( پی پی سی)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہورکے جنرل سیکرٹری وممبر پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ انصاف کاخون کرنیوالی ”تحریک انصاف” اپنانام بدلے ۔”پٹی آئی ”کو غنڈہ گردی کے زور پر سٹیٹ کے اندر سٹیٹ بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ معذرت کافی نہیں، میڈیا کے نمائندوں پرحملے اورتشددمیں ملوث شر پسند عناصر کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت آزادی صحافت اوراہل صحافت پرکوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔ تشدد کا اقدام کوئی غلطی نہیں جس کومعاف کردیا جائے بلکہ جرم کا ارتکاب کیا گیا اور اس شرمناک واقعہ میں ملوث عناصرسخت سزاکے مستحق ہیں۔اپنے حلقہ انتخاب پی پی137میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے ڈنڈوں اورغنڈوں کے زور پر اپنا موقف منوانے کی روش چھوڑ دیں۔ پی ٹی آئی والے محض عوام کوگمراہ کرنے کیلئے دھاندلی کا ایشو بنا کر دھرنے پر بیٹھ جاتے ہیں مگرانہیں سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے امدادی سرگرمیوں میں شریک ہونے کی توفیق نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال کیلئے فنڈریزنگ کرنیوالے کپتان سیلاب زدگان کیلئے عطیات کیوں اکٹھے نہیں کرتے ۔عمران خان میں قائدانہ صلاحیتیں ہیں اورنہ انہیں نتظامی امورانجام دینے کی تربیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی کے برسراقتدارمیں آنے کے بعد مقامی افرادکی حالت زار اور امن وامان کی صورتحال مزیدابتر ہوگئی ہے ۔میاں اسلم اقبال 11مئی 2013ء کی رات تک مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ کے خواہشمند تھے مگر انہیں انکار کر دیا گیا جس کاغصہ اتارنے کیلئے موصوف ہماری قیادت کیخلاف ہرزہ سرائی پراترآئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایل ڈی اے کی جیل روڈ پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی ‘ تین مسمار
لاہور(پی پی سی)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ٹائون پلاننگ ونگ کے عملے نے گزشتہ روز جیل روڈپر تین مقامات پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی ـپراپرٹی نمبر 7جیل روڈ کا فرسٹ فلور جزوی مسمار کر دیا گیا اور شٹرنگ مکمل طور پر گرادی گئی ـپراپرٹی نمبر 24بی کا غیرقانونی کمرشل پہلا فلور اورپراپرٹی نمبر 3اے سے ملحقہ عمارت کا غیر قانونی گرائونڈ فلور مسمار کر دیا گیاـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گورنمنٹ کالج برائے خواتین باغبانپورہ میں ڈینگی سے آگاہی سیمینار
لاہور(پی پی سی)مسلم لیگی رہنما اورچیئرمین پیپلز ویلفیئرایوسی ایشن خرم روحیل اصغرنے محکمہ صفائی SWMکے زیر اہتمام گورنمنٹ کالج برائے خواتین باغبانپورہ میں ڈینگی سے آگاہی سیمینار میں طالبات کو لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں اس سے لڑنا ہے اور اس کے لیے سب سے بڑا ہتھیارصفائی ہے۔ ہمیں مل جل کر ڈینگی کو شکست دینا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف اس حوالے سے بڑی محنت کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے پاکستان میں ڈینگی کو گذشتہ سال جس طرح محدود کیا گیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔ طالبات نے عہد کیا کہ وہ اپنے کالج اور گھر محلے میں صفائی مہم کا حصہ بنیں گیں۔دریں اثناء رشید پورہ UC-42کا ٹرانسفارمر خراب ہونے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے خرم روحیل اصغرنے نیا ٹرانسفر لگوایا اور سکھ نہر کے رہائشیوں کا سوئی گیس پریشر کم آنے کامسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل کیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے خرم روحیل اصغرکی ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ و شہری سہولیات ملک تنویر اسلم اعوان کا اجلاس سے خطاب
لاہور(پی پی سی)صوبائی وزیر ہاؤسنگ و شہری سہولیات ملک تنویر اسلم اعوان نے شہریوں کو بہترین گوشت، دودھ اور پولٹری مصنوعات کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اہم فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا ہےـ انہوں نے گزشتہ دو سال سے ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کی تعمیر میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے تمام سکیموں کی تفصیلات طلب کر لی ہیںـ صوبائی وزیر نے تمام ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں گریڈ 16 اورنچلے درجے کی خالی ٹیکنیکل آسامیوں کو پر کرنے کے لئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہےـ انہوں نے لاہور میں ماڈرن مویشی منڈی کے قیام کے لئے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیںـ انہوں نے کہا کہ ماڈرن مویشی منڈی میں خریداروں اور فروخت کنندگان کو تمام تر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گیـ وہ آج یہاں پنجاب بھر کے شہریوں کو اعلی گوشت کی فراہمی، دودھ اور باربرداری کے لئے اعلی نسل کے جانوروں اور لائیو سٹاک میں انقلابی مثبت تبدیلیوں کے لئے بلائے گئے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ـ اجلاس میں لائیو سٹاک کے 11 فارمز کی فوری تکمیل کے لئے 87 ملین روپے کی فراہمی کی سفارش کی گئی ـ 19 اضلاع میں ادھوری چھوڑی گئی سکیموں کے لئے 88 ملین روپے پنجاب میں دھنی ،لوحانی اور داجل نسل کی گائے کی افزائش اور فروخت کے لئے 80 ملین روپے ،سبز چارے کو محفوظ بنانے کے لئے 82 ملین روپے کی سفارش کی گئیـ صوبائی وزیر نے پنجاب بھر میں دیہی مرغبانی کے فروغ اور عوام کو ضروری آگاہی معلومات کی مفت فراہمی کے لئے جامع منصوبہ بندی کا حکم بھی دیا گیاـتنویر اسلم نے ہدایت کی کہ پولٹری او رلائیو سٹاک انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل اور مانیٹرنگ کے لئے ماہر افراد پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو ضروری معلومات کے ساتھ چیک اینڈ بیلنس پر بھی کنٹرول رکھیں ـصوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کا ویژن ہے کہ شہریوں کو صحت مند جانوروں کے گوشت اور دودھ کی فراہمی کے لئے محکمہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے ـاجلاس میں ایم پی اے محمد شاویز خان ، ایم پی اے ملک مختار احمد، ایم پی اے ملک محمد وارث ، ایم پی اے میاں محمد کاظم علی پیرزادہ ، سیکرٹری لائیو سٹاک ڈاکٹر ساجد یوسفانی، ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک ، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد نواز ،ڈائریکٹر کمیونیکیشن ڈاکٹر اسرار حسین، ڈاکٹر اکبر علی، ڈائریکٹر اینیمل ہیلتھ کے علاوہ پنجاب بھر کے اعلی اور ٹیکنیکل ڈپٹی سیکرٹریز نے شرکت کی۔