لاہور کی خبریں 30/5/2014
Posted on May 31, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
زراعت کے شعبہ زرعی توسیع کو عصری تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے گا :حسین جہانیاں گردیزی
لاہور(میڈایاورلڈ لائن)زراعت کے شعبہ زرعی توسیع کو عصری تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ کاشتکاروں تک جدید زرعی پیداواری ٹیکنالوجی بلا تاخیر منتقل کی جا سکے۔ یہ بات پنجاب میں ”زرعی توسیع کی تنظیم نو ”کے لیے بنائی گئی۔
خصوصی کمیٹی کے چیئرمین ممبر صوبائی اسمبلی حسین جہانیاں گردیزی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔میڈیا ورلڈ لائن کے مطابق اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت پنجاب رانا اعجاز احمد نون، ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع)ڈاکٹر انجم علی ، ڈائریکٹر جنرل زراعت (تحقیق)ڈاکٹر عابد محمود ،ڈائریکٹر ایگریکلچرل ایکسٹینشن اینڈ رورل ڈویلپمنٹ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر تنویر احمد ، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات محمد رفیق اختر و دیگر افسران شریک ہوئے۔
ڈاکٹر انجم علی نے اجلاس میں زرعی توسیع کی تاریخ اور مختلف پروگرامز کے بارے میں بریفنگ دی ۔انہوں نے بتایا کہ 2001ء کے ڈیوولیوشن پلان کے تحت محکمہ زراعت توسیع کے انتظامی ڈھانچہ میں تبدیلیاں لائی گئیں جن کی بنا پر محکمہ زراعت توسیع صوبائی اور ضلعی حکومتوں کے تحت بیک وقت کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ زرعی توسیع سسٹم1978ء میں متعارف کرائے جانے والے ٹریننگ اینڈ وزٹ ( T&V)کی تبدیل شدہ شکل ہے جس کے تحت محکمہ زراعت توسیع کا عملہ گائوں ،مرکز ، تحصیل اور ضلع کی سطح پر کاشتکاروں کوجدید پیداواری ٹیکنالوجی کی تربیت و دیگر توسیعی سرگرمیاں سرانجام دے رہا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مذکورہ کمیٹی کے تحت زرعی توسیع سروس کو کاشتکاروں کے لیے زیادہ مفید بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں رائج بہترین ایگریکلچرایکسٹینشن سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی تاکہ زرعی توسیعی سروس کو زیادہ موثر اور کارگر بنانے کے لیے ایک جدید ایگریکلچر ایکسٹینشن ماڈل کو حتمی شکل دی جاسکے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عالمی یوم بھوک پرعوامی ہمدرد پارٹی کے روٹی والے پارٹی پرچم کی تقریب اجراء سے پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کا خطاب
کراچی( میڈیا ورلڈلائن) ”روٹی والا” ہمارا جھنڈا دینا کا سب سے منفرد اور قبول عام پرچم ہے جو نہ صرف جلد پاکستان بلکہ دنیا بھر کے غریب عوام میں مقبولیت حاصل کرلیگا اوراسے دنیا کے کسی ملک کی کسی سیاسی پارٹی کے پرچم پرروٹی نہ ہونے کی وجہ سے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
عوامی ہمدرد پارٹی کا روٹی والا پرچم ملک کے 95 فیصد مالی و معاشی تنگدست عوام کی حقیقی و بنیادی ضرورت ” روٹی” کی کمیابی کو اجاگر کر کے ان کے دلی جذبات اور امنگوں کی ترجمانی کر رہا ہے لہذا اب عوام کا فرض ہے کہ وہ اپنی اور اپنی آئندہ نسلوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے روٹی والے پرچم کے سائے تلے متحد و منظم ہو کر عوامی ہمدرد پارٹی کیساتھ مل کر عملی جدوجہد شروع کریں، عوامی ہمدرد پارٹی پاکستان کے پرچم کے رنگ نہ صرف تمام دینی مکاتب فکر، علاقائی حدوں اور دنیاوی طبقات بلکہ آفاقیت تک کی بھر پور نمائندگی کرتے ہیں۔
عالمی یوم بھوک کا منایا جانا دنیا بھر کے غریب عوام کیلئے ایک بڑی ڈھارس ہے ، اقوام متحدہ بھوک زدہ ممالک میں ہونے والی بھوکے عوام کی اموات پر انکے امیر اور ظالم وبے حس حکمرانوں کو آدم خورمالی دہشت گرد قرار دے کر غریب و مظلوم عوام کو ان سے نجات دلائے ۔ان خیالات کا اظہار ملک بھر کے 70 فیصد انتہائی غریب اور25 فیصد سفید پوش مالی و معاشی پریشان حال عوام سمیت ملک کی ابتر مالی ومعاشی حالت زار میں ترقی و خوشحالی کی تبدیلی لانے کیلئے کوشاں ”عوامی ہمدرد پارٹی پاکستان” کے بانی و مرکزی چیئرمین اور ملک کے ممتاز سماجی، سیاسی اور کثیر الجہتی عوامی رہنما جمیل اقبال سیّد نے بدھ 28 فروری 2014 کو دنیا بھر میں منائے جانے والے عالمی یوم بھوک کے موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ” روٹی والے” پارٹی پرچم کی تقریب اجراء سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پرچم کی تقریب اجراء حسب پروگرام کراچی پریس کلب پر ہونا تھی مگر قبل ازیں پارٹی کے ہونے والے اجلاس میں بعض ناگزیر وجوہ کی بناء پر اسے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ہی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ اب عوامی ہمدرد پارٹی پاکستان کے ” روٹی ” کے امتیازی اور انتخابی نشان والے پارٹی پرچم کی باقاعدہ رونمائی کی تقریب کراچی پریس کلب میں جلد منعقد کی جائیگی۔تقریب سے پارٹی کے بانی و مرکزی چیئرمین اور ملک کے ممتاز سماجی سیاسی و کثیر الجہتی رہنما جمیل اقبال سیّد کے علاوہ دیگر مرکزی قائدین اللہ دتہ قریشی، شکیل ملک، فیصل غوری ،حسنین عباس زیدی، ندیم فراز ،سیّد ا صغر علی سماجا نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں عوامی ہمدرد پارٹی کے رہنمائوں نے عوام کی ہمدردی اور بہتری کا دعویٰ کرنے والی ملک کی تمام چھوٹی بڑی سیاسی پارٹیوں سے مطالبہ کیا کہ وفاقی بجٹ سر پر آ گیا ہے مگر چند کے سوا کسی نے بھی اب تک بجٹ میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دلانے کے حوالے سے حکومت کو کوئی وارننگ یا احتجاج کا روڈ میپ جاری نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی پارٹیاں فور ی طور پر بجٹ پر عوامی ریلیف کے حوالے اپنا پروگرام قوم کے سامنے رکھیں ورنہ عوامی ہمدرد پارٹی یکم جون 2014 کو میڈیا کے ذریعے حکومت کو عوامی چارٹر آف دیمانڈ پیش کر کے بالخصوص ملک کے 95 فیصد غریب و مفلوک الحال عوام کے مالی و معاشی مسائل کے حوالے سے حکومت سے ریلیف کے حصول کی جدوجہد شروع کر دیگی اور اگر حکومت نے اپنے سابقہ کردار کے مطابق بجٹ میں غریب عوام کو مہنگائی سے کوئی ریلیف نہ دیا تو وہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بجٹ کی منظوری تک اور بعد میں بھی ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائیگی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی ہمدرد پارٹی پاکستان کا قیام بھی ملک میں بھوک کے تیزی سے اضافے کا رد عمل ہے ۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ عوامی ہمدرد پارٹی پاکستان ایک نوزائیدہ اور مالی وسائل کے اعتبار سے انتہائی کمزور پارٹی ہے مگر وہ وفاقی بجٹ کے موقع پر عوام کے مالی و معاشی مفادات کے تحفظ میں اپنی بساط کے مطابق زیادہ سے زیادہ مفید اور موثر کردار ادا کرنے کی کوشش کریگی۔
میڈیا ورلڈ لائن نیوز ایجنسی
انٹرنیشنل
ایڈیٹر
سید عرفان احمد شاہ
03214077241
03154174470