لاہور کی خبریں 16/5/2014

Lahore

Lahore

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسان دوست پالیسی کے تحت گندم کی خرید کے سلسلہ میں جو اقدامات کئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں:بلال یاسین
لاہور(میڈیا ورلڈ لائن)صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کسانوں سے گندم خرید کر موقع پر اس کا معاوضہ اداکیا جارہاہے اور باردانہ کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا گیا ہے۔ گندم کی خریداری کا مقرر کردہ ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔انہو ںنے یہ بات نارووال میں مرکزگندم خریداری کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ۔ڈائر یکٹر پنجاب محکمہ فوڈ کیپٹن (ر)محمد عثمان ،ڈی سی او نارووال سید نجف اقبال ،ایڈیشنل کلکٹرشیخ فرید احمد ،ایم پی اے رانا منان ،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راجہ قمر الزمان ،فوڈ انسپکٹرعیش بہادر خاںو دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ حکومت صوبہ بھر میں گندم کی خریداری کے مقررہ ہدف کو حاصل کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کاشت کاروں کے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور حکومت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسان دوست پالیسی کے تحت گندم کی خرید کے سلسلہ میں جو اقدامات کئے ہیں وہ قابل ستائش ہیںاور روزانہ کی بنیاد پر گندم کی خرید کی مانٹیرنگ کر رہی ہے۔ انہوں نے ڈی سی او نارووال کو ہدایت کی کہ وہ گندم خرید کی مہم کو شفاف بنانے اور کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے اقدامات کریں ۔ڈائریکٹر فوڈ نے ڈی ایف سی کو ہدایت کی کہ وہ خریداری مراکز میں کسانوںکوموقع پر ادائیگی اور دیگر مسائل فوری طور پر حل کریںتاکہ ان کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔صوبائی وزیر کو ڈی ایف سی نے بتایا کہ ضلع نارووال میںاب تک محکمہ فوڈ نے تقریبا دو لاکھ ستر ہزاربوری گندم خرید لی ہے۔ چار لاکھ ستائیس ہزار باردانہ تقسیم کیا جا چکا ہے ۔صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کی طرف کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انکی کوششوں کو سراہا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہارٹیکلچرل سوسائٹی پاکستان کے زیر انتظام جیلانی پارک لاہور میں موسم بہار کی مناسبت
لاہور(میڈیا ورلڈ لائن)ہارٹیکلچرل سوسائٹی پاکستان کے زیر انتظام جیلانی پارک لاہور میں موسم بہار کی مناسبت سے پھولوں کی 156 ویں سالانہ نمائش 2014 کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سرکاری،نیم سرکاری محکمہ جات اور غیر سرکاری اداروں نے بھرپور حصہ لیتے ہوئے مختلف اقسام کے پھولوں اور پودوں کو نمائش کے لئے پیش کیا۔محکمہ آثار قدیمہ پنجاب نے سالانہ نمائش میں بھرپور حصہ لیا اور مختلف کیٹیگری میں نمایاں پوزیشن حاصل کیں۔ باغات میں شالا مار باغ نے پہلی، گلاب کی بہترین اقسام اگانے میں پہلی،اینول پھول اور بلب پلانٹس میں دوئم، کیکٹس ایور گرین پودے اگانے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کامیابی پر محکمہ آثار قدیمہ کے شعبہ باغات کے کارکنان کی پذیرائی اور حوصلہ افزائی کے لئے شاہی قلعہ کے سبزہ زار میں ایک تقریب کا اہتما کیا گیا جس کی مہمان خصوصی محترمہ ڈاکٹر عصمت طاہرہ صاحبہ،ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ تھیں ۔نمائش میں حصہ لینے والے تمام افراد کی محنت کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد ونقد انعام سے نوازا گیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سرکاری سکیموں میں قبل از وقت پینے کے پانی اور سیوریج پائپ پھٹنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا:ملک تنویر اسلم اعوان
لاہور(میڈیا ورلڈ لائن)صوبائی وزیر ہائوسنگ تعمیرات ومواصلات وپبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک تنویر اسلم اعوان نے آج اپنے دفتر واقع سیکرٹریٹ میں آل پاکستان پی وی سی پائپ مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ایک وفد سے ملاقات کی۔وفد کے اراکین نے صوبائی وزیر کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے وفد سے کہا کہ ایسے غیر معیاری پائپ جو سرکاری سکیموں میں وقت مقررہ سے قبل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں ایسے ٹھیکیداروں اور مینو فیکچرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکیموں میں معیار اور اعلی کوالٹی میں کسی قسم کا کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے ۔ ناقص اور غیر معیاری پائپ استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں اور کمپنیوں کوبلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے وفد کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بزنس مینوں اور ان کے کاروبار کو مکمل تحفظ فراہم کرنے میںانتہائی مخلص ہے۔ایسی کمپنیاں جو اعلی تعمیراتی میٹریل تیار کرتی ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں ہر طرح کی مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔وفد کے اراکین کی خواہش پر صوبائی وزیر نے رجسٹریشن کی مدت ایک سال سے بڑھا کر دو سال کرنے کی تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے۔ وفد کے اراکین میں چیئرمین آل پاکستان پائپ ایسوسی ایشن ہمایوں شریف،سابق چیئرمین فیصل ستار مغل، لئیق احمد، چوہدری محمد اکرم ممبر ایگزیکٹو تنویر بٹ،جنرل سیکرٹری محمد اسلم کمیانہ کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری ہائوسنگ شاہد لطیف ودیگر افسران نے بھی شرکت کی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نہری میں لگے غیر قانونی پائپ ہٹانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں :سیکرٹری آبپاشی کیپٹن(ر) سیف انجم
لاہور(میڈیا ورلڈ لائن) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ ٹوٹے ہوئے موگوں کی درستگی کے لئے ہفتہ وار بنیادوں پر فیلڈ افسران سے پراگریس لے رہے ہیں تا کہ نہری پانی کی ٹیلوں تک منصفانہ ترسیل ممکن ہو سکے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ آبپاشی کے افسران سے نہری پانی کی ترسیل میں بہتری لانے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی کیپٹن (ر) سیف انجم، ایڈیشنل سیکرٹری (آپریشن) ملک سلیم ، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) خالد حسین قریشی، چیف پی ایم آئی یو حبیب اللہ بودلہ ، جنرل مینجرپیڈا افضل انجم طور، جنرل مینجر (آپریشن) میاں عبدالرشید اور ڈپٹی جنرل مینجر سید شائق حسین عابدی نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ آبپاشی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں صوبائی وزیر میاں یاور زمان کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں کسان برادری کو یکساں بنیادوں پر مستفید کرنے کے لئے پانی چوری کے رحجان کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ آبپاشی و پیڈا کی ٹیمیں نہروں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور ٹوٹے ہوئے موگوں کے ساتھ ساتھ غیر قانونی پائپ اکھاڑنے کے لئے فی الفور اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر صوبہ بھر میں 737موگوں کو درست کیا گیا جبکہ 292 غیر قانونی پائپ نہروں پر سے ہٹائے گئے ۔ اسی طرح پانی چوری اور نہری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے 885 واقعات پولیس کو رپورٹ کئے گئے۔ اجلاس میں افسران سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ پنجاب حکومت نہری پانی کی منصفانہ تقسیم اور اس کی ٹیلوں تک ترسیل کو یقینی بنانے کی حکمت عملی پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہری تنصیبات کو نقصان یا پائپ لگانے جیسے واقعات سے عموماً چھوٹے اور ٹیل کے کاشتکاروں کی حق تلفی ہوتی ہے جس کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی و پیڈا کے افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ عملے اور کسان تنظیموں کو نہروں و موگوں کی حالت بہتربنانے کے لئے مسلسل محنت کی تلقین کریں تا کہ حکومتی پالیسوں سے عوام کو خاطر خواہ انداز میں مستفید کیا جا سکے۔