لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) ایف آئی اے نے نرسز اور لیڈی ڈاکٹرز کو نشہ آور مشروب پلا کر ان کی نازیبا ویڈیوز بنانے والے جناح اسپتال کے ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق جناح اسپتال لاہور کے ڈاکٹرعبد اللہ حارث کے خلاف چونگی امرسدھو لاہور کی رہائشی ایک متاثرہ خاتون نے سائبر کرائم ونگ میں درخواست دی تھی، ملزم متاثرہ خاتون کی نازیبا ویڈیوز سے اسے بلیک میل کر رہا تھا۔
ایف آئی اے حکام کا بتانا ہے کہ خاتون کی درخواست پر سائبرکرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبداللہ حارث کو گرفتار کرلیا اور ملزم کے دو موبائل فون قبضے میں لے لیے۔
ایف آئی اے کے مطابق ڈاکٹر کے موبائل سے مختلف نرسز اور لیڈی ڈاکٹر کی 50 نازیبا ویڈیوز برآمدہوئیں، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔