لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں دفاتر اور سرکاری تعلمیی ادارے کھلیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو بس بھی چلے گی، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کے کارکن سڑکوں پر نہیں آئیں گے۔ لاہور میں سرکاری محکموں کے ملازمین کو آج صبح دفاتر بلا لیا گیا ہے، شہر کے سرکاری تعلیمی ادارے اور دفاتر معمول کے مطابق کھلیں گے، آج سہ پہر ہونے والا پنجاب اسمبلی کا اجلاس منگل تک ملتوی کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آج شہر کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں معمول کے مطابق پڑھائی اور امتحانات کا عمل جاری رہے گا، پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو بس بھی چلے گی۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمے داری ہر صورت پوری کی جائے گی۔ انہوں نے عوام اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو اشتعال انگیز تقاریر، حرکات اور اقدامات پر تحمل اور برداشت سے کام لینے کی ہدایت کی۔