لاہور (جیوڈیسک) آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہڈیارہ کے ایک کارخانے میں جہاں ویلڈنگ کے کام کے دوران چنگاری پٹرول کے ٹینک میں گرنے سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کارخانے کے بیشتر حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کی زد میں آ کر پانچ افراد جاں بحق ہو گئے جن میں چار کی شناخت محمد عمران، ساغر، اشفاق اور عمران کے نام سے کی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا تاہم واقعہ میں زخمی ہونے والے تین افراد کو گھرکی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کارخانے میں بجلی کی عدم دستیابی پر جنریٹرز استعمال کئے جا رہے تھے۔ آگ لگنے کا واقعہ سٹاک کئے گئے پٹرول کے باعث پیش آیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے افسوسناک واقعہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات بارے رپورٹ طلب کر لی ہے۔