لاہور کی خبریں 22/11/2014

Munawwar Hassan

Munawwar Hassan

لاہور (جی پی آئی) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن نے جماعت اسلامی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت اور جماعت اسلامی کا اتحاد معاشرے سے برائی کے خاتمہ اور نیکی پھیلانے کا باعث بن سکتا ہے پھر کرپشن سے پاک اسلامی پاکستان کے وجود کو کوئی نہیں روک سکتااور اسلامی پاکستان کا خواب ایک حقیقت بن جائے گا۔غلبہ دین کی راہ ہموار کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر وسائل کی ضرورت ہے ۔ جماعت اسلامی کے مطمع نظر قرآن وسنت کی دعوت کو گھر گھر پہنچانا ہے ، جماعت اسلامی ہی رجوع اللہ کی تحریک ہے ۔جہاد فی سبیل اللہ اور قتال فی سبیل اللہ معاشرے کے جز ہیں انہیں ترک نہیں کیا جا سکتا ہے۔قتال فی سبیل اللہ کو دہشت گردی سے تعبیر کیا جا رہا ہے اور اب لوگ جہاد کا نام لینے سے بھی ڈرتے ہیں ۔اگر قتال فی سبیل اللہ کی بات ختم کر دی گئی تو محض جمہوری نظام اور انتخابی سیاست سے انقلاب نہیں آسکتا ، بڑے پیمانے پر سومناتوں کو گراکر ہی تبدیلی لائی جا سکتی ہے ۔جماعت اسلامی غفلت میں پڑے انسانوں کو بیدار کرنے کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے ۔جماعت اسلامی زندگی کے ہر دائرے میں لوگوں کو رہنمائی فراہم اور منظم کر رہی ہے ۔ہمیں زندگی کے ہر شعبے اور دائرے میں مسلسل جدوجہد کے لیے کوشاں رہنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان خطے میں جغرافیائی اعتبار سے اہمیت کا حامل ملک ہے یہی وجہ ہے کہ امریکہ اپنی بالادستی اور ایجنڈے کے لیے پاکستان کو استعمال کر رہا ہے ۔امریکہ کے لیے خطے کی سیاست میں تبدیلی پاکستان کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔ امریکہ نے افغانستان کی چٹانوں سے اپنا سر ٹکرایا لیکن افغانوں کے دل سے اسلامی شریعت کا لگائو کم نہیں کر سکا ہے ۔سلالہ پر حملہ چند فوجیوں پر حملہ نہیں سمجھا جا سکتا یہ حملہ افواج پاکستان کا مورال گرانے کی کوشش ہے ۔ ڈرون حملہ محض کسی آبادی یا فرد پر نہیں ہیبلکہ پوری قوم کی آزادی اور خودمختاری پر حملہ ہے ۔ تاریخ شاہد ہے کہ دنیا میں کبھی بھی فوجی آپریشن کامیاب نہیں ہوئے ہمیشہ گھاٹے کا سوداہوا۔شمالی وزیرستان میں بھی آج آپریشن ہو رہا ہے لیکن امریکہ اس پر بھی خوش نہیں ہے اور ممکن ہے کل کو یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ خیبر پختونخوا کے پورے صوبے میں صرف دہشت گردبستے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے روز 50شہری مارنے ضروری ہو گئے ہیں ۔ہم آرمی چیف سے پوچھتے ہٰن کہ بتایا جائے کہ آپریشن کے بعد کتنی کامیابیاں ملی ہیں ، کتنے دہشت گرد مارے گئے او کتنے عام افراد کی جانیں گئیں ۔آبادیوں پر بمباری سے دہشت گرد نہیں بڑی تعداد میں عام لوگ مرتے ہیں ۔خیبر پختونخوا کے عظیم لوگوں نے تین تین مرتبہ نقل مکانی کی اور آج بھی آپریشن کی زد میں ہیں ۔بدلتے ہوئے حالات میں معاشی اور سیاسی طور پرپاکستان کو امریکی بالادستی سے بچانے کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے ۔ امریکہ ایک تہذیب کا نام ہے گو امریکہ گو کا نعرہ امریکی پالیسیوں کو مسترد کرنے کا نعرہ ہے ۔مغربی تہذیب اندر سے کھوکھلی ہو چکی جبکہ اسلامی تہذیب زندگی کے تمام دائروں میں اخلاقی برتری رکھتی ہے ۔سہ روزہ اجتماع عام یہ دعوت دے رہا ہے کہ پوری قوم جنت کا سفیر بن کر حق کے راستے میں جدوجہد کرے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نیا پاکستان بنانے سے پہلے نہ تو خیبرپختونخوا کو بدل سکے ہیں اور نہ ہی شوکت خانم میں ڈاکٹروں کو انصاف دلا سکے ہیں اور آج شوکت خانم سپوزیم کی تقریب میں گو عمران گو کے نعرے لگ گئے ہیں ، ان کی تقاریر میں کوئی نئی بات نہیں ہوتی ، جو دعوے وہ لاڑکانہ کے جلسہ میں کرتے رہے ہیں ایسے دعوے وہ الیکشن سے پہلے بھی کرتے رہے ہیں ۔ لاڑکانہ میں تحریک انصاف کے جلسے پر رد عمل کا اظہا رکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان انتخابات سے پہلے بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایک بال سے دو وکٹیں گرا دیں گے ، حقیقت میں ان کی اپنی وکٹ ہی گر چکی ہے اور آج لاہو رمیں شوکت خانم ہسپتال کی تقریب میں جو کچھ ہوا وہ قوم کی آنکھیں کھولنے کی کافی ہے ، انہوں نے کہا کہ جو لیڈر چندے سے بنائے گئے ہسپتال میں ملازمت کرنیوالے ڈاکٹروں سے انصاف نہیں کرسکتا وہ ملک اور قوم کو کیا انصاف دلائے گا ۔ عمران خان کے دائیں بائیں وہ لوگ کھڑے ہیں جو ماضی میں ہر حکومت کا حصہ رہے ہیں اور لاڑکانہ میں انہوں نے جس خاندان کی دعوت پر جلسہ منعقد کیا ہے اس خاندان نے بھی ہر دور میں پارٹیاں تبدیل کی ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی )جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مینار پاکستان کے سائے میں عوام کا جم غفیر اس بات کی خوش خبری دے رہا ہے کہ آئندہ جب اکٹھے ہوں گے تو انشاء اللہ اسلامی اور خوشحال پاکستان وجود میں آچکا ہوگا۔ اسلامی پاکستان عوام کا مقدر ہے اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ملک گیر اجتماع عام کے دوسرے روز جماعت اسلامی کی گزشتہ آٹھ سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی آئین و قانون کی بالادستی اور ملک میں اسلامی فلاحی جمہوری نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور پاکستان سے بیرونی مداخلت کا خاتمہ کرکے اسے اقوام عالم میں ممتاز مقام دلانے کے لیے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کرے گی. انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں جماعت اسلامی کی دعوت تیزی سے پھیل رہی ہے ،جماعت اسلامی کے کارکنان اور ارکان کی شبانہ روز محنت رنگ لا رہی ہے ، وہ دن دور نہیں جب اس دعوت کے نتیجے میں پاکستان میں اسلامی انقلاب برپا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع اس تاریخی مقام پر منعقد ہو رہا ہے، جہاں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے آزاد وطن کے حصول کی جدو جہدکا فیصلہ کیا تھا ۔ آج کا اجتماع اس امر کی نوید ہے کہ جماعت اسلامی آج سے 75 سال قبل کیے گئے عہد کو پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ 6برس کے دوران کامیاب مہمات چلا کر نہ صرف ڈکٹیٹر مشرف کو رخصت کیا ، بلکہ گو امریکہ گو کا نعرہ عوام کی آواز بن گیا۔ پنجاب میں گورنر راج ، عدلیہ کی بحالی تحریک عافیہ صدیقی کی رہائی کے اور سوات و وزیرستان میں بے گھر ہونے والے افراد کی خدمت کے ساتھ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمہ ، بلوچستان میں عوامی حقوق کی بحالی اور فوجی آپریشن کے خلاف آواز بلند کی ہے ۔جماعت اسلامی کے ان معاملات پر موقف کو پوری قوم نے سراہا ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جمات اسلامی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔الخدمت نے سیلاب زدہ علاقوں ، بارش کے متاثرین ، زلزلہ زدگان ، پینے کی صاف پانی فراہمی اور صحت کے شعبوں میں زبردست خدمات انجام دی ہیں۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے ،ملک بھر میں مرد و خواتین کارکنان کی تعداد لاکھوں میں ہے ۔جماعت اسلامی میں جمہوری اقدار کی پاسداری کاجو تصور ہے اس کی مثال پیش نہیں کی جا سکتی ، جماعت اسلامی کسی خاندان ، گروہ ، نسل کی جاگیر نہیں بلکہ ہر سطح پر مشورے اور انتخاب سے اپنی قیادت کا انتخاب کرتی ہے اور گزشتہ برسوں میں قاضی حسین احمد کی امارت سے معذرت کے بعد سید منور حسن اور اب سراج الحق کا انتخاب جمہوری روایت کے استحکام کا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر کے مزدور ، کسان ، انجینئرز ، وکلاء ، طلباء اور خواتین کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے جبکہ قرآن کی دعوت ، یتیم بچیوں کی پرورش ، غریب طلباء کو مفت تعلیم اور اسکالر شپس ، مظلوم خواتین کی دادرسی ، ویمن کمیشن کے تحت مغرب کے پروپیگنڈے کے خلاف لٹریچر کی اشاعت ، صحت مراکز ، دینی تعلیم کے فروغ اور فوجی آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کی خدمت کا کام انتہائی جاں فشانی سے کر رہی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ میرے خلاف اخبارات کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں مخالفین میری ساخت خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں عرصہ بیس سال سے ٹیکس گزار ہوں ہر سال باقاعدگی سے ٹیکس ادا کر رہا ہوں مالی سال 2013-14 میں 56 ہزار روپے انکم ٹیکس کی مد ادا کیا جس کا ریکارڈCBR کی ویب سائیٹ پر موجود ہے میرے تمام اثاثہ جات ڈکلیرڈ ہیں انہوں نے مزید کہا کہ میں عوامی نمائندہ ہوں عوام کی خدمت کرنا اپنا ایمان سمجھتا ہوں جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلا کا دشمن اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا۔ جیت حق کی ہی ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک مسائلستان بن گیا ہے مہنگائی نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہو چکی ہے لاڑکانہ کے کامیاب جلسے کے بعد پارٹی آفس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت میں قیادت کا فقدان ہے مسلم لیگ ن کی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت نہیں رکھتی، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت بین الاقوامی سطح پر ملک کا تشخص بحال کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف حکمرانوں سے استعفوں کا مطالبہ کر رہی ہے حکمرانوں کے استعفے ہی عوام کے لئے بہتر ثابت ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ ملک کے سیاسی حالات یکسر تبدیل ہو چکے ہیں اگر 11مئی کے عام انتخابات میں ہونیوالی تاریخ ساز دھاندلیوں کی شفاف تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی جوڈیشل کمیشن قائم نہ کیا گیا تو اسکے خوفناک نتائج برآمد ہونگے جس سے ملکی یکجہتی کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے،ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا 2013 کے عام انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی پر غنڈہ گردی سے ڈاکہ ڈال کر اقتدار مسلم لیگ(ن) کے حوالے کیا گیا ،سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاس یہ نادر موقع ہے کہ وہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے یکطرفہ اقدامات اور ناانصافیوں کے ازالہ کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کرے اور عمران خان کے الزامات کا ازخود نوٹس لیکر قوم کو تشویشناک صورتحال سے نجات دلائے ، انہوں نے کہا شریف برادران چھانگا مانگا سیاست کے ماسٹر ہیں ان سے اقتدار چھڑوانا کوئی آسان بات نہیں ، دھاندلی زدہ کرپٹ حکمرانوں سے جان چھڑوانے کیلئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑیگا، عوام مہنگائی،بے روزگاری،بجلی کی لوڈ شیڈنگ،کرپشن اور لاقانونیت جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہیں مگر کرپٹ حکمرانوں نے اقتدار بچانے کیلئے قومی خزانے کا بے دریغ استعمال شروع کررکھا ہے ،انہوں نے کہا جمہوریت کے نام پر خاندانی آمریت نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ مک مکا کی سیاست کاخاتمہ کرکے عوام کی حقیقی قیادت کو آگے لایا جایا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی )مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی محمد شاویز خان نے کہا ہے کہ اب تک پونے 3 لا کھ سیلاب متاثرین کو دوسرے مرحلے میں پونے 10ارب روپے کی مالی امداد ادا کی جا چکی ہے اور مالی ا مداد کا دوسرا مرحلہ آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گاـانہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے 16ارب روپے کے تاریخی پیکیج کے ذریعے متاثرین کی بحالی اور آباد کاری کومہینوں کی بجائے دنوں میں یقینی بنایاہےـپنجاب حکومت نے انتہائی قلیل مد ت میں سیلاب متاثرین کو مالی امداد فراہم کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے اور سیلاب متاثرین میں مالی امداد کی تقسیم کے نظام کو عالمی ادار وں نے بھی فول پروف اور انتہائی شفاف قرار دیا ہے ـانہوں نے کہاکہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی خورد برد امانت میں خیانت ہوگی ـسیلاب متاثرین کی مالی امداد کی تقسیم میں کسی قسم کی نا انصافی یا زیادتی کسی صورت برداشت نہیں ، حقداروں کو ان کا حق پہنچارہے ہیں۔