لاہور (جیوڈیسک) واہگہ بارڈر پر پاکستان کی طرف سے بڑی تعداد میں بھارتی ماہی گیر قیدیوں کو رہا کر کے بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ پاکستان نے ایک بار پھر بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے جذبہ خیر سگالی کے تحت 373 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا جن میں دس بچے بھی شامل ہیں۔
ماہی گیروں کو مختلف اوقات میں سمندری حدود کی خلاف ورزی کے جرم میں کراچی کی لانڈھی جیل میں قید رکھا گیا تھا جس کے بعد انہیں ہفتہ کی صبح واہگہ بارڈر لاہور لایا گیا جہاں ان کو امیگریشن کے مرحلے سے گزار کر بھارتی رینجرز کے حوالے کر دیا گیا۔
اس موقعہ پر قیدیوں کی خوشی دیکھنے لائق تھی ماہی گیروں نے پاکستان کے اس عمل کو خوب سراہا اور بھارتی حکومت سے بھی پرزور مطالبہ کیا کہ وہ بھی اس پیش رفت کا مثبت جواب دے کر پاکستانی قیدیوں کو رہا کریں بڑی تعداد میں قیدیوں کی رہائی اس بات کی مظہر ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔