لاہور (جیوڈیسک) سکولز اساتذہ کی اپ گریڈیشن میں تاخیر، سینٹر آف ایکسی لینس میں تبدیلی، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور دانش اتھارٹی کو سکولوں کی حوالگی اور امتحانی نتائج پر سزاؤں کے خلاف پنجاب بھر کے اسکولز اساتذہ 32 گھنٹوں سے زائد عرصے تک سڑکوں پر رہے۔
اساتذہ پنجاب اسمبلی کے سامنے ہفتے کے روز سے دھرنا دیئے ہوئے تھے۔ تاہم وزیر تعلیم رانا مشہود کی ہدایت پر ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم محمد اختر نے ٹیچرز یونین کے عہدیداروں سے مذاکرات کئے، جن میں حکومتی ٹیم نے اساتذہ کے مطالبات تسلیم کر لئے۔
مطالبات تسلیم کرنے کی خوشخبری سنی تو پنجاب کے مختلف اضلاع سے آنے والے اساتذہ کے چہرے کھل اٹھے۔ انہوں نے اس اعتماد کے ساتھ واپسی کا سفر شروع کیا کہ اس بار حکومتی یقین دہانیوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔