لاہور: پاکستانی نوجوان قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، زبیر حفیظ

Lahore

Lahore

لاہور (سید امجد حسین بخاری) اسلامی جمعیت پاکستان کے ناظم اعلی محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ قوم کی امیدیں اور توقعات انہی نوجوانوں سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی انہی نوجوانوں کی جد وجہد اور کوششوں سے ہی ممکن ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ یوم آزادی کے لئے نوجوانوں کو ”ہم سے ہے پاکستان” کا نعرہ دیا ہے جس نعرے کا مقصد قوم کے نوجوانوں کو ایک مقصد کے لئے ایک ہی پرچم تلے جمع کرناہے ۔پاکستانی قوم ایک جوان قوم ہے ، اس کی آبادی کا 64فی صد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

نوجوان ہی ملکوں کی تقدیر بدلنے کا ذریعہ ہوتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک و قوم کی تقدیر نوجوان اپنے علم و عمل اور کردار سے بدل سکتے ہیں ، ملک کو سنوارنے کے لئے نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ نوجوان تعمیری سرگر میوںکو فروغ دیں۔ تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کو اعلیٰ مقام دینے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔ تعلیم ترقی کی ضمانت ہے۔

نوجوان کو اعلی تعلیم اور بہتر روزگار دے کر انہیں ملک کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے۔ زبیر حفیظ نے مزید کہا کہ پاکستان شہداء کی قربانیوں اور ایک مسلسل جدو جہد کے بعد حاصل کیا گیا ہے اس کی حفاظت اور تعمیر ہمارا فرض ہے۔ اس فرض سے نگاہیں چرانا قوم اور ملک کے لئے خطرناک ہو سکتا ہے۔ نوجوان اور طلبہ ملک کی تعمیر میں آگے بڑھ کر قائدانہ کردار ادا کریں۔