لاہور(جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد پارٹی امور کی انجام دہی شروع کر دی ہے۔ جماعت اسلامی کے وفد نے ان سے ملاقات کی۔سات مئی کو ایک انتخابی جلسے میں حادثے کے دوران زخمی ہونیوالے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 22 مئی کی صبح سات بجے شوکت خانم کے ڈاکٹروں نے ڈسچارج کیا جس کے بعد وہ زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ پہنچے جہاں علی الصبح پارٹی کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔
عمران خان سے ملاقات کے لئے جماعت اسلامی کا سات رکنی وفد مرکزی نائب امیر سراج الحق کی سربراہی میں زمان پارک پہنچا جہاں خیبر پختونخواہ میں حکومت سازی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ طالبان سے جلد باضابطہ مذاکرات ہونے چاہئیں اور نیٹو افواج کو واپسی کے لئے راستہ ملنا چاہئے۔
تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے بھی نو منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پنجاب کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کو کارکنوں کے ہمراہ اسلام آباد کے دھرنے میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین کے گھر پہنچنے کے بعد زمان پارک میں موجود ان کی رہائش گاہ کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس اور بم ڈسپوزل کا خصوصی سکواڈ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔