لاہور: لوگوں کو اغوا کرکے گردے نکالنے کے 3 ملزم گرفتار

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں لوگوں کو اغوا کرکے گردے نکالنے کے 3 ملزم گرفتار، 5 ساتھی فرار، ملزموں میں ڈاکٹر اور اسپتال کا عملہ شامل ہے۔ لاہور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لوگوں کو اغوا کرکے گردے نکالنے والے گروہ کے 3ارکان گرفتار کیے ہیں۔

اے ایس پی چوہنگ عرفان سموں نے بتایا کہ گردہ فروشی کے دھندے میں ملوث گروہ عرصے سے سرگرم تھا، گروہ کے ارکان لوگوں کو اغوا کرتے اور دھوکے سے گردے نکال لیتے، گرفتار ملزمان میں جنرل اسپتال کا سابق سرجن ڈاکٹر ثناء اللہ، محمد یاسین اور امجد حسین شامل ہیں

گروہ کے دیگر ارکان ڈاکٹر عمران، رانا لیاقت، نعیم اشرف، خاتون الفریڈ اور قرۃ العین کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے، گرفتار ملزم ڈاکٹر ثناءاللہ کو جنرل اسپتال سے نکالا گیا تو ایک نجی اسپتال میں ملازمت کرنے کے ساتھ گردہ فروشی کا گھناؤنا دھندا شروع کر دیا۔

ملزم کا کہنا ہے کہ لوگ اپنی مرضی سے گردے بیچ جاتے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے اے ایس پی چوہنگ اور پولیس ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔