لاہور، مسلسل بارش جاری، چھتیں گرنے سے دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق

Ceilings falling

Ceilings falling

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں کئی گھنٹے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے، مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ لاہور میں رات کو شروع ہونے والی بارش اس وقت بھی جاری ہے، بارش کے باعث بیدیاں روڈ پر عمارت گر گئی جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

اسی خاندان کے دیگر چار افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ شہر میں بارش رکنے کے لئے آذانیں دینا شروع کر دی گئی ہیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ تیز بارش کے باعث چھٹی کے روز لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔

اور مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ لیسکو کے اکسٹھ فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش لاہور میں تینتالیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں جاری بارشوں کا آج پانچواں روز ہے جبکہ محمکہ موسمیات نے گوجرانوالہ، لاہور اور کشمیر میں مزید بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔