لاہور (جیوڈیسک) اچھرہ میں پلازے میں آگ لگ گئی جس سے ایک شخص جاں بحق اور سات افراد زخمی ہو گئے، فائر فائٹرز نے آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔
پلازہ میں لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے ، تیسری منزل پر واقع دفاتر اور رہائشی اپارٹمنٹس تک پھیل گئی۔آگ کے خوف اور دھویں میں گھرے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ، جان بچانے کے لئے ایک نامعلوم شخص نے چھلانگ لگا دی جس سے وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
لوگ خوفزدہ ہو کر چھت پر چڑھ گئے اور مدد کے لئے پکارتے رہے ، ریسکیو ٹیم نے پلازہ میں محصور خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد کو کھڑکیاں توڑ کر اسنارکل کی مدد سے نکالا۔
واقعے میں سات افراد زخمی اور کئی لوگ دھوئیں سے متاثر ہوئے جنھیں سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
فائر فائٹرز نے آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا تاہم پلازہ میں لگنے والی آگ نے ایک بار پھر بہت سے سوال اٹھا دیئے ہیں۔