لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے جے یو آئی کی طرف سے فاٹا میں امن کے لیے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبل کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفد کے ہمراہ قائد ن لیگ نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ن لیگ پاکستان میں امن اور استحکام کے لیے ہر کوشش کی حمایت کرے گی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اے پی سی کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں۔
انتخابات میں ن لیگ اور جے یو آئی ایک دوسرے سے تعاون کریں گی اس حوالے سے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم امن کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔ نگران حکومت کے حوالے سے بھی مولانا سے مشاورت کی ہے۔
ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار، خواجہ آصف، اقبال ظفر جھگڑا اور دیگر بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ جے یو آئی کی کل جماعتی کانفرنس 28 فروری کو ہوگی۔