لاہور (جیوڈیسک) پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنون کے خلاف ایک بار پھر کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت اب تک پی ٹی آئی کے 400 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان گزشتہ رات دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہفتہ کو عوام اور کارکنوں کا بہت بڑا اجتماع ہو گا اس لئے تمام کارکن ہر طرح کی رکاوٹیں عبور کرکے اسلام آباد پہنچے جس پر لاہور پولیس نے گزشتہ رات پہلے پی ٹی آئی کے کارکنان کی فہرستیں تیار کیں۔
اور پھر باقاعدہ کریک ڈاؤن کا آغاز کر کے 400 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا، گرفتار کئے گئے کارکنان کو متعلقہ پولیس اسٹیشن کے بجائے دور دراز پولیس اسٹیشنوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے کئی سرگرم کارکن گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش بھی ہو گئے ہیں۔