لاہور (جیوڈیسک) لاہور پولیس لائنز دھماکے میں شہید ایک اور شخص کی شناخت ہو گئی، محمد ندیم چیچہ وطنی کا رہنے والا ہے، لاہور پولیس چیف کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی ویڈیو کا جائزہ لیا جا رہا ہے، شواہد کا فرانزک ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں گزشتہ روز ہوئے خودکش حملے میں شہید پانچویں شخص کی بھی شناخت ہو گئی ہے، جبکہ اسپتال میں زير علاج 9 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا ہے۔ منگل کی دوپہر ایمپریس روڈ پر واقع ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کے دفتر کے باہر خودکش حملےمیں2 پولیس اہلکاروں سمیت5 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونیوالے پانچویں شخص کی شناخت ہو گئی، محمد ندیم ولد حافظ ممتاز چیچہ وطنی کا رہائشی تھا، جو دھماکے کے وقت اس پر موجود ٹریول ایجنسی میں ملازمت کا انٹرویو دینے آیا تھا۔ ادھر گنگا رام اسپتال میں لائے گئے 15 زخمیوں میں سے5 جبکہ میو اسپتال لائے گئے 12 زخمیوں میں سے4 کو طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا۔
میو اسپتال میں اب بھی 8 جبکہ گنگا رام اسپتال میں 10 زخمی زیرِ علاج ہیں، ڈاکٹروں کے مطابق2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ خودکش حملے کا مقدمہ ایس ایچ او قلعہ گوجر سنگھ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق 3 دہشتگرد ریلوے اسٹیشن کی جانب سے بھاگتے ہوئے پولیس لائنز کی طرف آئے، ان میں سے2 دہشتگرد بھگدڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے جبکہ ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ فرار ہونے والے دہشتگرد سامنے آنے پر شناخت کیے جا سکتے ہیں۔
خودکش حملے کے مقام پر تباہ حال گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تباہی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ تاہم زندگی کا پہیہ رواں دواں ہے اور سیکیورٹی مزید سخت بنا دی گئی ہے۔