لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب کو لاہورمیں پولیس لائنز کےباہر خود کش دھماکے کی حتمی رپورٹ پیش کردی گئی ہے، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے پولیس لائنز کی تین بار ریکی کی، دو دہشتگرد موٹر سائیکل پر پولیس لائنز آئے ،ایک واپس چلا گیا۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی اداروں کی جانب سے وزیر اعلی ٰ پنجاب کو پیش کی جانیوالی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خود کش حملہ آور پولیس لائنز میں داخل ہوکر زیادہ سے زیادہ افراد کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، رپورٹ کے مطابق دو دہشتگردوں نے تین بار پولیس لائنز کی ریکی کی
حملے سے قبل ایک دہشتگرد دوسرے کو موٹرسائیکل پر پولیس لائنزکے قریب چھوڑ کرواپس چلا گیا،سیکورٹی چیک پوسٹ کے قریب دہشتگر دکا سامنا سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار سے ہوا ، اہلکار کے روکنے پر دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑالیا،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملہ آورکے جسمانی اعضاء کا ڈی این اے کرایا جارہا ہے، حملہ آورکی معاونت کرنے والوں کےبارے میں بھی ٹھوس شواہد ملے ہیں۔