لاہور میں تین روزہ انسداد پولیو مہم 30 ستمبر سے شروع ہو گی
Posted on September 28, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
صوبائی دارلحکومت لاہو ر میں لیاقت آباد کے علاقہ میں قائم فلاحی تعلیمی ادارہ” پنجاب ماڈل ہائی سکول” کے نرسری تا میٹرک سطح کے یتیم ، نادار ، بے سہارا سینکڑوں طلبہ نے پولیو سے آگاہی کے بارے ایک واک میں شرکت کی۔ واک کا اہتمام محکمہ صحت پنجاب ، یونیسف اور اس کے ذیلی ادارے کوم نیٹ کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر علاقہ کی غیر سرکاری سماجی تنظیموں بشمول ڈویلپمنٹ آف نیشن کے صدر ایس امجد ، ماڈل فلاحی سوسائٹی کوٹ لکھپت کے سیکرٹری میاں عبدالماجد قصوری، سیو دی ڈیژرونگ چلڈرن کے مظفر حسین، انجمن شہریان کوٹ لکھپت کے صدر وزیر انور ، انجمن تاجران مین بازار لیاقت آباد کے مظہر اقبال عرف مٹھو بٹ جبکہ کوم نیٹ کی سربراہ میڈیم نعیمہ خان، زعیمہ اشتیاق، قاسم بھٹی اور روٹری انٹرنیشنل کے ایم معظم سمیت یو سی سی ایس او کے سہیل خان سمیت علاقہ کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کوم نیٹ کی سوشل موبلائز زعیمہ اشتیاق نے بتایا کہ 3 روزہ انسداد پولیو مہم 30 ستمبر سے شروع ہو رہی ہے اور اس دوران 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے تاہم اس سے بچائو ممکن ہے۔
انہوں نے والدین سے استدعا کی کہ وہ اپنے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچائو کے قطرے ضررو پلائیں۔ پولیو کے خلاف واک ماڈل ٹائون کیو بلاک سے شروع ہو کر یو سی 129 لیاقت آباد کی مختلف اہم شاہراہوں اور بازاروں کا چکر لگانے کے بعد ختم ہو گئی۔ واک کا مقصد عوام میں پولیو سے آگاہی اور شعور بیدار کرنا تھا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com