لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو فنڈنگ کرنے والے دہشت گردی پر اتر آئے ہیں ، حکومت نے پنجاب کو میدان جنگ بنا دیا۔
اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پنجاب میں سات کارکنوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔پندرہ سے بیس ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کر دئیے گئے ہیں۔ پوری ریاست پولیس کے سپرد کر دی گئی ہے۔ عوام سے بنیادی انسانی حقوق چھین لیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں چار روز سے آئین معطل ہے۔ سندھ اور بلوچستان کی سرحدیں بند کر دی گئی ہیں۔انھوں نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کارکن جہاں موجود ہیں وہاں ہی یوم شہدا منائیں۔
پنجاب پولیس کی دہشت گردی کے باعث اب کارکنوں کے لیے ممکن نہیں رہا کہ وہ لاہور پہنچ سکیں۔ کارکن اپنے اپنے شہروں ، قصبوں میں یوم شہدا منائیں۔
انھوں نے کہا کہ کارکن شہید ہونے والوں کی لاشیں سامنے رکھ کر پرامن یوم شہدا منائیں۔ عدالتیں ریاستی ظلم و جبر کا نوٹس لیں ہم آئین اور قانون کے خلاف اقدام نہیں چاہتے۔ہمارے کارکن مظلوم ہیں ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ان کا حق ہے۔