لاہور (جیوڈیسک) صدر زرداری نے آج لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماں کا اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس میں الیکشن کے نتائج اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔پنجاب اور بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی انتخابات میں شکست پر پارٹی قیادت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری اسی سلسلہ میں لاہور کا دورہ کر رہے ہیں۔
صدر زرداری نے لاہور میں سینئیر صحافیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر زردری نے کہا کہ انہوں نے آج تمام پارٹی رہنماں کا اجلاس بلایا ہے جس میں پیپلز پارٹی کی شکست سمیت دیگر معاملات پر غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر صحافیوں نے ان سے کئی سوالات بھی کئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ طالبان کی دھمکی کے باعث پیپلز پارٹی سمیت تین جماعتیں انتخابی مہم نہیں چلا سکیں۔
اب انہیں اگر موقع ملے گا تو وہ خود انتخابی مہم چلائیں گے۔ نواز شریف کو پیپلز پارٹی کے اعتماد کا ووٹ دینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اتفاق رائے سے ہو گا۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ عہدہ صدارت سے استعفی دے رہے ہیں، تو انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ اب اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں پنجاب جیسے ریٹرننگ افسر ملے تو وہ اگلی بار بھی صدارتی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ سے مل کر حکومت بنائے گی۔