لاہور: لاہور پریس کلب میں انسٹی ٹیوٹ آف کمیونیکیشن سٹڈیز ،پنجاب یونیورسٹی کے طلباء اور طالبا ت کی جانب سے الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کی انشورنس کے لیے ایک آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر جناب شہباز میاں صدر لاہور پریس کلب،نائب صدر لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد، اینکر پرسن سہیل وڑائچ، سینئرصحافی خا ور نعیم ہاشمی ،صدر ایمر لاہور عابد خان،عاصم نصیرور متعدد علمی، سماجی صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔
شعبہ ابلاغیات کے طلباء سلمان حنیف،فرخ وڑائچ،بشری خان،ہما گلزار،انعم اعجاز، فضہ،عمر، دانیال سمیت طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو درپیش خطرات کی مختلف تصاویر کے ذریعے نشاندہی کی گئی تھی اور ان کے لیے لائف اور ہیلتھ انشورنس کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سال 2006 سے 2015ء تک پاکستان میں 769 صحافی قتل کیے گئے اور حالیہ دنوں میں بم دھماکوں میں دو صحافی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ان کی اپنی پیشہ وارانہ فرائض کی بجا آوری میں ہلاکت یا زخمی ہونے کا خمیازہ ان کے بیوی بچوں کو بھگتنا پرتا ہے جو کہ روزگار کے وسیلے سے محروم ہو جاتے ہیں۔طلباء نے اپنی اس مہم کے ذریعے زور دیا کہ تمام چینلز اپنے صحافیوں اور کیمرہ مینز کی جامع ہیلتھ اور لائف انشورنس کریں۔پریس کلب کے زعماء صحافیوں ،عہدے داران اور مہمانوں نے وہاں موجود تاثراتی کتاب پر اپنے تاثرات بھی ریکارڈ کروائے۔ عوام نے اس مہم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔