لاہور (جیوڈیسک) لاہورکے نجی اسپتال میں علاج کیلئے لائے گئے قیدی کو چھڑانے کیلئے اسکے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی جس سے تین کانسٹیبل زخمی ہوگئے، زخمی کانسٹیبلوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیدی کو قابو کئے رکھا۔
منشیات فروشی کے الزا م میں کیمپ جیل میں بند قیدی زمان کو علاج کیلئے منشی ہسپتال لایا گیا جہاں گھات لگائے ملزم کے چار ساتھیوں نے پولیس اہلکاروں پر ہلہ بول دیا۔پہلے فائرنگ کی پھر سپاہیوں کی آنکھوں میں مرچیں ڈال دیں۔
پولیس اہل کاروں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے قیدی کو چھڑانے کی کوشش ناکام بنادی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری منشی ہسپتال پہنچ گئی جہاں سے قیدی کو کیمپ جیل جبکہ تینوں زخمی ا ہلکاروں کو میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔