لاہور: دھرنا دینے والی نرسیں دو دھڑوں میں تقسیم

 Nurses Protest

Nurses Protest

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں دھرنا دینے والی نرسیں دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئیں، ایک گروپ نے احتجاج ختم کر دیا، جبکہ دوسرے گروپ کا دھرنا جاری ہے۔ کوپر روڈ پر گزشتہ روز صبح 9 بجے سے نرسوں نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے دھرنا دے رکھا تھا، نرسوں کا مطالبہ تھا کہ فارغ نرسوں کو بحال کرنے کے علاوہ، ایڈہاک نرسوں کو مستقل کیا جائے اور جن نرسوں کا حق بنتا ہے انہیں ترقی دی جائے،اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، ڈی جی ہیلتھ اور دیگر حکام سے مذاکرات جاری رہے، اور رات گئے ینگ نرسز پنجاب ایسوسی ایشن نے مطالبات کی منظوری پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

خواجہ سلمان رفیق نے 2600 ایڈہاک نرسوں کو کام جاری رکھنے ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ 180 پرائیویٹ کالجوں کی نرسوں کو فی الحال کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم کہا کہ انہیں باقاعدہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے آنا ہوگا۔ دوسری جانب ایڈہاک نرسوں کے گروپ نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔