لاہور : پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے گارڈز اور کارکنوں میں جھگڑا

Alim Khan

Alim Khan

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان سے ملاقات کیلئے جانے والے کارکنوں اور گارڈز میں جھگڑا ہو گیا۔ مشتعل کارکنوں نےاحتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا، عبدالعلیم خان اور گارڈز کیخلاف تشدد کے الزام میں مقدمے کی درخواست دے دی۔

تحریک انصاف کے کارکنوں کے مطابق وہ پارٹی رہنما عبدالعلیم خان سے ملاقات کے لیے کینٹ میں ان کے دفتر گئے، ملاقات نہ ہونے پر کارکنوں اور گارڈز میں جھگڑا ہو گیا۔

مشتعل کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا اور ’’گو علیم گو‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ علیم خان کے کارندوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے بعض کارکن زخمی ہو گئے، کارکن عبدالعلیم کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے لبرٹی تھانے پہنچ گئے۔

پی ٹی آئی کے رہنما مراد راس کارکنوں کی منت سماجت کرتے رہے،تاہم کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ درخواست واپس نہیں لیں گے۔ پی ٹی آئی لاہورکے ترجمان شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ دوگروپوں میں جھگڑا تھا، گارڈز نے کسی کو نہیں پیٹا۔